سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی پلوی پٹیل کی طبیعت بگڑی، برین ہیمریج کا اندیشہ

ہیلتھ اَپ ڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’رکن اسمبلی پلوی پٹیل کی منگل کی شب اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ اچانک بیہوش ہو جانے کے سبب ڈاکٹر پلوی کو میدانتا لکھنؤ اسپتال میں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔‘‘

پلوی پٹیل
پلوی پٹیل
user

قومی آوازبیورو

اپنا دَل (کمیراوادی) کی لیڈر اور سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر سراتھو سیٹ سے رکن اسمبلی پلوی پٹیل کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انھیں لکھنؤ واقع میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اچانک بیہوش ہو گئی تھیں اس لیے فوری طور پر انھیں اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔ پلوی پٹیل کو برین ہیمریج کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔

موصولہ خبروں کے مطابق ابتدائی جانچ میں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو خطرے سے باہر بتایا ہے۔ ہیلتھ اَپ ڈیٹ میں اسپتال کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ’’رکن اسمبلی پلوی پٹیل کی منگل کی شب اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ اچانک بیہوش ہو جانے کے سبب ڈاکٹر پلوی کو میدانتا لکھنؤ اسپتال میں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔‘‘ پلوی پٹیل کو ابھی نیورو کے آئی سی یو میں ڈاکٹرس کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔


اسپتال انتظامیہ کے مطابق بدھ کو ان کی ابتدائی جانچ کی گئی۔ حالانکہ جانچ رپورٹ میں سب کچھ ٹھیک معلوم پڑ رہا ہے۔ بعد ازاں پلوی پٹیل کو ماہرین کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ فی الحال ان کی طبیعت بہتر ہے۔ نیورو ڈپارٹمنٹ کے سینئر ڈاکٹرس لگاتار ان کی طبیعت پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پلوی پٹیل 2022 کے اسمبلی انتخاب میں اس وقت سرخیوں میں آ گئی تھیں جب سراتھو اسمبلی سیٹ پر انھوں نے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈر کیشو پرساد موریہ کو ہرایا تھا۔ واضح رہے کہ پلوی پٹیل مرکزی وزیر انوپریا پٹیل کی بہن ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔