آج ڈاکٹر گرپریت کور کے ہو جائیں گے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان

پنجاب کے وزراء ہرجوت سنگھ بینس، امن اروڑا اور راگھو چڈھا سمیت پارٹی کے سینئر لیڈروں نے ٹوئٹ کر وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو شادی کے لیے مبارکباد دی ہے۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان آج دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی پنجاب یونٹ کے ترجمان ملوندر سنگھ کنگ کے مطابق ’’وزیر اعلیٰ ایک ذاتی تقریب میں شادی کرنے جا رہے ہیں۔ ہریانہ کے کروکشیتر ضلع کی رہنے والی ڈاکٹر گرپریت کور کے ساتھ ان کی شادی ہوگی۔‘‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھگونت مان کی ماں، بہن، متعلقین اور کچھ دیگر مہمانان چنڈی گڑھ میں ہونے والی اس شادی تقریب میں شامل ہوں گے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے بھی مع اہل و عیال اس شادی میں شریک ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گرپریت کور کی فیملی ہریانہ کے کروکشیتر ضلع کے پہووا شہر واقع تلک نگر علاقے میں رہتی ہے۔ ان کے والد اندرجیت سنگھ ایک کسان ہیں اور مدن پور گاؤں کے سابق سرپنچ بھی ہیں۔ ان کی ماں راج کور خاتون خانہ ہیں۔ گرپریت کور تین بہنوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ ان کی ایک بہن آسٹریلیا میں اور دوسری امریکہ میں رہتی ہیں۔ انبالہ میں مولانا میڈیکل کالج سے گرپریت کور نے میڈیکل کی پڑھائی کی ہے۔ گرپریت کور کو وزیر اعلیٰ بھگونت مان کی ماں اور بہن نے منتخب کیا ہے، جو چاہتی تھیں کہ وزیر اعلیٰ مان دوبارہ شادی کریں۔


اس درمیان پنجاب کے وزراء ہرجوت سنگھ بینس، امن اروڑا اور راگھو چڈھا سمیت پارٹی کے سینئر لیڈروں نے ٹوئٹ کر وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو شادی کے لیے مبارکباد دی ہے۔ کانگریس کی پنجاب یونٹ کے سربراہ امرندر سنگھ راجہ وڈنگ نے بھی مان کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔