آر جے ڈی کا نتیش حکومت پر حملہ، سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 10 وزراء کی فہرست جاری

آر جے ڈی نے نتیش حکومت پر ’خاندانی اثر و رسوخ‘ کا الزام لگاتے ہوئے 10 ایسے وزراء کی فہرست جاری کی ہے جن کا تعلق مختلف سیاسی خاندانوں سے ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کے بیانات اور اقدامات میں تضاد ہے

<div class="paragraphs"><p>بہار حکومت کے وزرا کی حلف برداری / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے جمعرات کو نتیش حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نئی تشکیل شدہ کابینہ میں ایسے متعدد افراد شامل کیے گئے ہیں جن کا تعلق بااثر سیاسی خاندانوں سے ہے۔ پارٹی نے ’ایکس‘ پر ایک فہرست جاری کی، جس میں 10 وزراء کے نام شامل ہیں، اور اسے حکومت کے دعووں کے برعکس ’’کھلا ثبوت‘‘ قرار دیا۔

پارٹی کے مطابق جن وزراء کے نام اس فہرست میں شامل ہیں، ان میں سمراٹ چودھری، سنتوش کمار سومن، دیپک پرکاش، شریئسی سنگھ، رما نشاد، وجے کمار چودھری، اشوک چودھری، لیشی سنگھ، سنیل کمار اور نتن نوین شامل ہیں۔ آر جے ڈی نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تمام وزراء وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے خصوصی آشیرواد کے ساتھ ایسے نئے بہار کی تعمیر کرنے جا رہے ہیں، جس میں خاندانوں کا دباؤ ختم کرنے کا دعویٰ تو ہے مگر عملی طور پر انہی خاندانوں کے افراد کو فوقیت دی جا رہی ہے۔

آر جے ڈی نے کہا کہ اگر حکومت واقعی خاندانوں کے سیاسی کردار کے خلاف ہے تو پھر کابینہ میں انہی گھرانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد پر وضاحت پیش کی جائے۔ پارٹی نے سوال اٹھایا کہ جب موقع ملتا ہے تو ریاستی حکومت بھی اسی طرزِ سیاست پر چلتی ہے جس کی وہ عوامی سطح پر مخالفت کرتی ہے۔


اس موقع پر آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو نے بھی ایک الگ پوسٹ میں نتیش کمار کو وزیراعلیٰ کے طور پر مسلسل دسویں مرتبہ حلف لینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ امید ہے نئی حکومت اپنے وعدوں پر قائم رہے گی اور بہار کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیشہ بہتر طرزِ حکمرانی کی امید کے ساتھ حکومتوں کو موقع دیا ہے اور تازہ کابینہ کو بھی اسی کسوٹی پر پرکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ نتیش کمار نے جمعرات کے روز پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں مرکزی قیادت سمیت ریاستی سیاست کے کئی اہم چہرے شریک ہوئے۔ حلف برداری سے قبل این ڈی اے کی جانب سے انہیں متفقہ طور پر لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ نتیش کمار کے ساتھ نئی کابینہ کے 26 وزراء نے بھی اپنے عہدوں کا حلف لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔