نئی نتیش کابینہ میں کئی ذاتوں کو ملی نمائندگی! 7 پوائنٹس میں سمجھیں تفصیل

نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ نتیش کمار سمیت کابینہ میں 27 لوگ شامل کیے گئے، جن میں اہم ذاتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ مسلم طبقہ سے بھی ایک رکن اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نتیش کمار (فائل)، تصویر یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نتیش کمار نے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آج دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نتیش کمار کے علاوہ کچھ دیگر اراکین اسمبلی نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ نتیش کمار سمیت کابینہ میں 27 لوگوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں اہم ذاتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ مسلم طبقہ سے بھی ایک رکن اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔ اس نئی کابینہ کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ مختلف ذاتوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے اس طبقہ سے جڑے اراکین اسمبلی کو وزارتی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ذیل میں 7 پوائنٹس کے ذریعہ اس کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں:

  1. نتیش کابینہ میں 4 راجپوت وزیر بنائے گئے ہیں۔ اس طبقہ سے جموئی کی رکن اسمبلی شریئسی سنگھ، مہوا رکن اسمبلی سنجے کمار سنگھ، آرہ رکن اسمبلی سنجے سنگھ ٹائیگر اور دھمداہا رکن اسمبلی لیسی سنگھ کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس بار راجپوت طبقہ سے 32 اراکین اسمبلی منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں۔ بیشتر راجپوت اراکین اسمبلی این ڈی اے سے ہی جیت کر ایوان تک رسائی حاصل کی ہے۔

  2. دلت طبقہ کے بھی 4 اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ دلت کوٹہ سے بھورے رکن اسمبلی سنیل کمار، ایم ایل سی اشوک چودھری، لکھیندر روشن اور بکھری رکن اسمبلی سنجے پاسوان کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔ دلت طبقہ کے 36 اراکین اسمبلی اس مرتبہ فتحیاب ہو کر ایوان پہنچے ہیں۔

  3. کشواہا اور کرمی طبقہ کے اراکین اسمبلی کو بھی کابینہ میں جگہ ملی ہے۔ دونوں طبقات کے 6 اراکین اسمبلی کابینہ میں شامل ہیں۔ ایک تو خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں۔ ان کے علاوہ کشواہا طبقہ سے سمراٹ چودھری، سریندر مہتا اور دیپک پرکاش کابینہ کا حصہ ہیں۔ کرمی طبقہ سے شرون کمار کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔

  4. کابینہ میں ویشیہ طبقہ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ اس طبقہ سے دلیپ جیسوال، نارائن پرساد، پرمود کمار اور ارون شنکر پرساد (سوڑی طبقہ) کو وزیر بنایا گیا ہے۔ ویشیہ طبقہ سے سبھی لیڈران بی جے پی کوٹہ سے ہی وزیر بنے ہیں۔ ویشیہ کو بی جے پی کا کور ووٹرس تصور کیا جاتا ہے۔

  5. بھومیہار اور برہمن کوٹہ سے 3 وزیر بنائے گئے ہیں۔ اس طبقہ سے کابینہ میں وجئے کمار چودھری، منگل پانڈے اور وجئے سنہا کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔ کایستھ طبقہ سے نتن نوین کو کابینہ میں جگہ ملی ہے۔ جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش کمار سمن کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سنتوش سمن مسہر طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

  6. نشاد اور یادو طبقہ سے 2-2 وزیر بنائے گئے ہیں۔ نشاد طبقہ سے مدن سہنی اور رما نشاد، جبکہ یادو طبقہ سے رام کرپال یادو اور وجیندر یادو کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

  7. کابینہ میں خواتین کی نمائندگی کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ نئی نتیش کابینہ میں خواتین کی طرف سے شریئسی سنگھ، لیسی سنگھ اور رما نشاد کو وزیر بنایا گیا ہے۔ مسلم کوٹہ سے چین پور رکن اسمبلی زماں خان وزیر بنائے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔