برسوں ٹینٹ کے نیچے رہے ’رام للا‘ اب عظیم الشان مندر میں رہیں گے: پی ایم مودی

پی ایم مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ “جن کی انتھک محنت رام مندر میں بنیاد کی طرح جڑی ہوئی ہے، میں ان سب کو آج 130 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے سلام کرتا ہوں۔”

نریندر مودی، تصویر ٹوئٹر اے این آئی
نریندر مودی، تصویر ٹوئٹر اے این آئی
user

تنویر

ایودھیا میں 'جے شرم رام' کے نعروں کے درمیان عظیم الشان رام مندر کا سنگ بنیاد پی ایم نریندر مودی کے ہاتھوں رکھ دیا گیا ہے۔ شری رام جنم بھومی احاطہ میں تقریباً 175 مہمانان کی موجودگی میں 'بھومی پوجن' ہوا اور پھر 'شبھ مہورت' میں پی ایم مودی کے ہاتھوں رام مندر تعمیر کی پہلی اینٹ رکھی گئی ہے۔ اس کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "برسوں سے ٹاٹ اور ٹینٹ کے نیچے رہ رہے ہمارے رام للا کے لیے اب ایک عظیم الشان مندر کی تعمیر ہوگی۔ پورا ملک پرجوش ہے، ہر من جگمگا رہا ہے۔ صدیوں کا انتظار آج ختم ہو رہا ہے۔"

پی ایم نریندر مودی نے 12 بج کر 44 منٹ 8 سیکنڈ سے لے کر 12 بج کر 44 منٹ 40 سیکنڈ کے درمیان رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ 32 سیکنڈ ہی سنگ بنیاد کے لیے 'شبھ مہورت' قرار دیئے گئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پورا پروگرام طے شدہ وقت کے مطابق آگے بڑھا اور پھر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت جیسی شخصیتوں نے عوام سے خطاب کیا۔ پی ایم مودی کا خطاب سب سے طویل رہا جنھوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ "ہماری تحریک آزادی کے وقت کئی کئی نسلوں نے اپنا سب کچھ نیچھاور کر دیا تھا۔ غلامی کے دور میں کوئی ایسا وقت نہیں تھا جب آزادی کے لیے تحریک نہ چلی ہو، ملک کا کوئی خطہ ارض نہیں تھا جہاں آزادی کے لیے قربانی نہ دی گئی ہو۔ رام مندر کے لیے چلی تحریک میں خود سپردگی بھی تھی، تڑپ بھی تھی، جدوجہد بھی تھی، عزم بھی تھا۔ جن کی قربانیوں اور جدوجہد سے آج یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے، جن کی انتھک محنت رام مندر میں بنیاد کی طرح جڑی ہوئی ہے، میں ان سب کو آج 130 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے سلام کرتا ہوں۔"


پی ایم مودی نے رام مندر تعمیر کے آغاز کو لوگوں کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "مجھے یقین ہے یہاں تعمیر ہونے والا رام مندر برسہا برس تک پوری انسانیت کو ترغیب دیتا رہے گا۔ یہ مندر انسانیت کو ترغیب دیتا رہے گا، کیونکہ رام سب کے ہیں، سب میں ہیں۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "ہمیں آپسی بھائی چارہ کے پیغام سے رام مندر کے ستونوں کو جوڑنا ہے، جب جب رام کو مانا ہے ترقی ہوئی ہے، جب بھی ہم بھٹکے ہیں تباہی ہوئی ہے۔ سبھی کے جذبات کا ہمیں خیال رکھنا ہے، سب کے تعاون سے اور یقین سے ہی سب کی ترقی کرنی ہے۔" اپنی تقریر کے آخر میں پی ایم مودی نے کہا کہ "آج صدیوں کا انتظار ختم ہوا، آج پورا ہندوستان جذباتی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Aug 2020, 3:58 PM