سی آر پی ایف کمانڈو راکیشور سنگھ نکسلیوں کے چنگل سے آزاد، 3 اپریل کو ہوئے تھے اغوا

نکسلیوں نے سی آر پی ایف کے جوان راکیشور سنگھ منہاس کو آ زاد کر دیا ہے، جموں کے رہائشی منہاس کو بیجاپور میں تصادم کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا، اس تصادم میں 22 جوانوں کی جان گئی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رائے پور: سی آر پی ایف کے اغوا کئے گئے جوان راکیشور سنگھ منہاس کو نکسلیوں نے آزاد کر دیا ہے۔ انہیں رائے پور لانے کے لئے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ہے۔ راکیشور سنگھ منہاس سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے کمانڈو ہیں اور 3 اپریل کو چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں ایک تصادم کے دوران انہیں اغوا کیا گیا تھا۔ ’ٹائمز ناؤ‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ صاف نہیں ہے کہ نکسلیوں کا انتظامیہ سے کوئی معاہدہ ہوا ہے یا پھر انہیں دباؤ بڑھنے کے وجہ سے آزاد کیا گیا ہے۔

راکیشور منہاس چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما اور بیجاپور ضلع کے سرحدی علاقہ میں گزشتہ دنوں ہونے والے ایک تصادم کے بعد سے لاپتہ تھے۔ اس تصادم میں کئی الگ الگ فورسز کے کل 22 جوان شہید ہوئے تھے۔ بدھ کے روز مقامی صحافیوں کو راکیشور سنگھ کی تصویر حاصل ہوئی تھی۔ صحافیوں کا دعوی تھا کہ اس تصویر کو نکسلیوں نے بھیجا ہے اور انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔


سی آر پی ایف جوان کی جو تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اس میں کوئی ماؤنواز نظر نہیں آ رہا ہے اور جوان ایک چھونپڑی نما جگہ پر بیٹھے ہوئے کسی سے باتیں کرنے میں مشغول ہیں۔ نکسلیوں کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت پہلے ثالثوں کے ناموں کا اعلان کرے، جن سے وہ اپنی شرائط بیان کریں گے۔ نکسیوں کا کہنا تھا کہ شرائط قبول کرنے کرنے کے بعد ہی جوان کو آزاد کیا جائے گا، اس وقت تک جوان محفوظ رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Apr 2021, 6:56 PM