راجستھان بلدیاتی انتخابات: جے پور میں بی جے پی کو بڑا دھچکا، از سر نو ووٹنگ میں کانگریس چاروں سیٹوں پر کامیاب
جے پور میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 9، 18، 25 اور 34 میں 16 ستمبر کو از سر نو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان چاروں وارڈوں میں کانگریس امیدواروں نے فتح حاصل کی ہے۔

راجستھان کے شہری بلدیاتی انتخابات کے دوران ’ای وی ایم‘ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے کرائے گئے از سر نو ووٹنگ کے سبھی نتائج منظر عام پر آ چکے ہیں۔ 16 ستمبر کو جے پور، کوٹا، جودھپور اور سکیت کے 9 وارڈ میں 10 پولنگ مراکز پر از سر نو ووٹنگ کرائی گئی تھی۔ 17 ستمبر کو ہوئی ووٹوں کی گنتی میں جے پور کے چاروں وارڈوں میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی، جبکہ کوٹا کے 3 وارڈوں میں بی جے پی نے 2 اور کانگریس نے ایک سیٹ جیتی۔ سکیت کے وارڈ نمبر 4 میں کانگریس امیدوار کامیاب رہے۔ جودھپور کے وارڈ نمبر 50 میں بھی میں بھی از سر نو ووٹنگ کا نتیجہ سامنے آگیا ہے۔
جے پور میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 9، 18، 25 اور 34 میں 16 ستمبر کو از سر نو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان چاروں وارڈوں میں کانگریس امیدواروں نے فتح حاصل کی ہے۔ وارڈ نمبر 9 سے کیلاشی دیوی، وارڈ نمبر 18 سے وندیتا شرما، وارڈ نمبر 25 سے ریکھا دیوی اور وارڈ نمبر 34 سے سریش یادو کامیاب ہوئے ہیں۔ کیلاشی دیوی نے 764 ووٹوں سے، وندیتا شرما نے 181 ووٹوں سے، ریکھا دیوی نے 397 ووٹوں سے اور سریش یادو نے 149 ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔ جے پور میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے پاس پہلے سے اکثریت تھی، لیکن ووٹوں کے لحاظ سے کانگریس آگے چل رہی تھی۔
کوٹا میونسپل کارپوریشن کے 3 وارڈوں میں از سر نو ووٹنگ کرائی گئی تھی۔ وارڈ نمبر 44 سے بی جے پی کے پریم سنگھ نے 71 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، جبکہ وارڈ نمبر 87 سے بی جے پی کی پشپا چودھری 305 ووٹوں سے جیتیں۔ وارڈ نمبر 11 میں کانگریس کی کملیش کماری نے 537 ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ از سر نو ووٹنگ کے بعد کوٹا میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی اور کانگریس کی سیٹوں کی تعداد میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ نتیجے کے بعد بی جے پی کے 57، کانگریس کے 39 اور 4 آزاد کونسلر ہیں۔
سکیت میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 4 میں کانگریس کے محمد رفیق نے اپنے قریبی کو 117 ووٹوں سے شکست دی۔ وہیں جودھپور میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 50 میں از سر نو ووٹنگ کے بعد ہیمارام کے کامیاب ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس طریقے سے از سر نو ووٹنگ والے 9 وارڈوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔ ان میں جے پور کے 4 اور کوٹا کے 3 وارڈوں کے ساتھ ساتھ سکیت اور جودھپور کے ایک ایک وارڈ شامل ہیں۔ راجستھان ریاستی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی جے پور، جودھپور، کوٹا اور سکیت سے متعلق ہدایت موجود ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
