راجستھان: جودھپور میں کشیدگی کے بعد دس تھانہ علاقوں میں کرفیو

پولیس نے بتایا کہ شہر کے ادے مندر، ناگوری گیٹ، صدر کوتوالی، صدر بازار، سُرساگر، سردار پورہ، کھنڈا فلسا، پرتاپ نگر، دیو نگر اور پرتاپ نگر صدر تھانہ علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے پولیس اہلکار
کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے پولیس اہلکار
user

یو این آئی

جودھپور: راجستھان کے جودھپور شہر میں دو فریقوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے بعد آج شہر کے دس تھانہ علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان علاقوں میں بدھ تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے، موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ علاقوں میں امن برقرار رکھنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہر کے ادے مندر، ناگوری گیٹ، صدر کوتوالی، صدر بازار، سُرساگر، سردار پورہ، کھنڈا فلسا، پرتاپ نگر، دیو نگر اور پرتاپ نگر صدر تھانہ علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ پیر کی رات دیر گئے جالوری گیٹ چوراہے پر واقع شہید فریڈم فائٹربال مکود بسّا کے مجسمہ کے مقام پر جھنڈا لگانے کے تعلق سے تنازعہ کے بعد پتھراؤ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کچھ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس دوران پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے لوگوں کا پیچھا کیا اور بعد میں ایک بار معاملہ پرسکون ہوگیا۔ لیکن صبح شرپسندوں نے ایم ایل اے سوریہ کانتا ویاس کے گھر کے باہر ہنگامہ کیا اور اس دوران ایک موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی گئی۔ اسی طرح شنیچر تھانہ کے علاقے میں بھی شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور کچھ توڑ پھوڑ بھی کی گئی اور پتھراؤ کیا گیا جس میں ایک اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس نے آنسو گیس چھوڑ کر بھیڑ کو منتشر کر دیا اور کشیدگی کے پیش نظر موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ پولیس اہلکار موقع پر تعینات ہیں اور وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ ’’جودھپور میں کل دیر رات سے جو کشیدگی پیدا ہوئی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہمارے راجستھان کی، مارواڑ کی روایت رہی ہے کہ سماج کے تمام لوگ، تمام مذاہب کے لوگ ہمیشہ، ہرتہوار پر بھی محبت اور بھائی چارے سے رہتے آئے ہیں، میں اپیل کرنا چاہوں گا کہ تمام لوگ امن قائم رکھیں اور کشیدگی ختم کریں۔ گہلوت نے کہا کہ ’’انتظامیہ کو ہر قیمت پر امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جودھ پور، مارواڑ کی محبت اور بھائی چارے کی روایت کا احترام کرتے ہوئے، میں تمام فریقین سے اپیل کرتا ہوں کہ امن برقرار رکھیں اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔