کشمیر میں عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات، سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد

انتظامیہ نے تاریخی عید گاہ سری نگر میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں دی اور اس حوالے سے پہلے ہی انجمن اوقاف جامع مسجد کی انتظامیہ کو آگاہی فراہم کی گئی تھی۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

وادی کشمیر میں عیدالفطر کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق عیدالفطر یا چھوٹی عید کے اس سلسلے میں وادی کے طول وعرض کی مساجد، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں عیدین کی دوگانہ نماز کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ عیدالفطر کے ان روح پرور اجتماعات میں وادی میں مکمل امن وامان کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔


وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شہر آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ وادی میں نماز عیدین کے اجتماعات میں علمائے کرام نے عید الفطر کی اہمیت، فضیلت اور فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔

دریں اثنا انتظامیہ نے تاریخی عید گاہ سری نگر میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں دی اور اس حوالے سے پہلے ہی انجمن اوقاف جامع مسجد کی انتظامیہ کو آگاہی فراہم کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل صبح سویرے ہی تاریخی عید گاہ سری نگر اور اس کے اردگرد علاقوں میں بھاری سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لاکر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کسی کو بھی عید گاہ کی اور جانے کی اجازت نہیں دی اور داخلی و خارجی راستوں کو فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا تھا۔بتادیں کہ انتظامیہ نے اتوار کے روز ہی واضح کیا تھا کہ امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر تاریخی عید گاہ سری نگر میں نماز عید کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔


اگر چہ ضلعی انتظامیہ نے انجمن اوقاف جامع مسجد کے عہدیداروں کے سامنے تجویز رکھی کہ وہ صبح سات بجے ہی عید نماز کا اہتمام کریں تاہم انجمن نے انتظامیہ کی اس تجویز کو ماننے سے یہ کہتے ہوئے انکار کیا کہ ایسا کرنا اُن کے لئے ممکن نہیں ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بعض دیہی و دور دراز علاقوں میں بھی نماز فجر کے بعد نماز عید کے چھوٹے چھوٹے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔


انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار جموں وکشمیر میں امن، ترقی، خوشحالی اور خوشیوں کا نوید لیکر آئے گا۔ انہوں نے جموں وکشمیر میں آپسی برادری، اخوت، محبت اور انسانیت کے بندھنوں کو مضبوط کرنے میں بھی عید الفطر کی خیر و برکت کی امید کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔