راجستھان: چار اضلاع میں ضلع پریشد، پنچایت سمیتی ممبران کے پہلے مرحلے کے الیکشن میں 64.35 فیصد ووٹنگ

ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر پی ایس مہرا نے کورونا سے متعلق تمام گائڈلائن پر عمل درآمد کے ساتھ آزادانہ، منصفانہ، پرامن اور محفوظ ووٹنگ کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے کوٹہ، باراں، کرولی اور شری گنگا نگر اضلاع میں اتوار کو ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی ممبران کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 64.35 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے کمشنر پی ایس مہرا نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 11 پنچایت سمیتیوں کے 171 وارڈوں اور ان کے متعلقہ ضلع پریشد حلقوں کے لیے ہوئے انتخابات میں 11 لاکھ دو ہزار 533 ووٹرز میں سے سات لاکھ نو ہزار 507 ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پی ایس مہرا نے بتایا کہ شری گنگا نگر ضلع کی شری وجے نگر پنچایت سمیتی میں سب سے زیادہ ووٹنگ ہوئی، جہاں 68.85 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

انہوں نے کورونا سے متعلق تمام گائڈلائن پر عمل درآمد کے ساتھ آزادانہ، منصفانہ، پرامن اور محفوظ ووٹنگ کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے باوجود دیہات میں پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ باشعور ووٹر نے کورونا سے متعلق رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے بحفاظت ووٹ دیا۔


پی ایس مہرا نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے 15 دسمبر کو اور 18 دسمبر کو تیسرے مرحلے کے لیے صبح 7.30 بجے سے شام 5.30 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 21 دسمبر کو تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر ہوگی۔ اسی طرح پردھان یا پرمکھ کا انتخاب 23 دسمبر کو اور نائب پردھان یا نائب پرمکھ کا انتخاب 24 دسمبر کو ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔