انڈین ریلوے کو 2 روپے کے بدلے دینے پڑے 2.43 کروڑ روپے!

سجیت سوامی نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریل سمیت کچھ دیگر وزراء کو ٹیگ کرتے ہوئے ریفنڈ کے لیے میرے بار بار کیے گئے ٹوئٹس نے 3 لاکھ لوگوں کو فائدہ پہنچایا۔

انڈین ریلوے لوگو
انڈین ریلوے لوگو
user

قومی آوازبیورو

انڈین ریلوے کو 2 روپے کے بدلے 2.43 کروڑ روپے دینے پڑے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا راجستھان کے کوٹہ باشندہ سجیت سوامی نے، جو انجینئر ہیں اور ایک ریل ٹکٹ پر زیادہ کینسلیشن چارج وصول کیے جانے کا شکار ہوئے تھے۔ اس کے لیے سجیت سوامی نے تین سال تک لڑائی لڑی اور بالآخر ریلوے نے ان کے ساتھ ساتھ تقریباً 3 لاکھ لوگوں کو پیسے لوٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دراصل ٹرین ٹکٹ کینسل کرنے پر ملنے والے ریفنڈ کو لے کر ایک دلچسپ فیصلہ آیا ہے۔ کوٹہ میں ایک مسافر سے ریلوے نے ٹکٹ کینسلیشن چارج زیادہ وصول لیا تو اس کے لڑنے کا اثر یہ ہوا کہ تقریباً تین لاکھ لوگوں کو اس سے فائدہ ہو گیا۔ ریلوے بورڈ نے 2.43 کروڑ روپے لوٹانے کی منظوری دے دی ہے۔


سجیت نے سال 2017 میں سورن مندر میل ٹرین میں کوٹہ سے دہلی کے لیے 765 روپے کا ٹکٹ بک کیا تھا۔ ویٹنگ ہونے کی وجہ سے سجیت سفر نہیں کر پائے تھے۔ سجیت کے ذریعہ ٹکٹ کینسل کرانے پر ان کو 665 روپے کا ریفنڈ ملا۔ سجیت کے مطابق ریلوے کو ٹیکس سروس کے طور پر 65 روپے کاٹنے تھے، لیکن ریلوے نے 100 روپے کاٹ لیے۔ اس کے بعد سجیت نے جولائی 2017 میں اس تعلق سے آر ٹی آئی لگا کر جانکاری مانگی تھی۔ اس کے جواب میں ریلوے نے بتایا کہ تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار یوزرس سے فی مسافر 35 روپے سروس ٹیکس کی شکل میں لیے گئے تھے۔ سجیت نے اس بارے میں وزیر ریل اور وزیر اعظم کو خط لکھ کر اپنے ساتھ سبھی مسافروں کا پیسہ لوٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد آخر مئی 2019 میں آئی آر سی ٹی سی نے مسافر کے بینک اکاؤنٹ میں 33 روپے ڈال دیئے، لیکن سجیت کا کہنا تھا کہ ریلوے نے 35 روپے کی جگہ 33 روپے کا ہی ریفنڈ بھیجا۔ 2 روپے ریفنڈ کے لیے سجیت نے 2019 میں پھر سے آر ٹی آئی لگائی۔ اتنا ہی نہیں، سجیت ہر دو مہینے میں آر ٹی آئی کے ذریعہ ریفنڈ کی جانکاری مانگتے تھے۔

آخر کار 27 مئی کو سجیت کو آئی آر سی ٹی سی کے ایک افسر کے ذریعہ فون پر بتایا گیا کہ ریلوے بورڈ نے سبھی یوزرس کا ریفنڈ منظور کر لیا ہے۔ پیر یعنی 30 مئی کو سجیت کے اکاؤنٹ میں دو روپے کا ریفنڈ بھی آ گیا۔ سجیت سوامی نے بتایا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر ریل، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، جی ایس ٹی کونسل اور وزیر مالیات کو ٹیگ کرتے ہوئے ریفنڈ کے مطالبہ کے لیے میرے بار بار کیے گئے ٹوئٹس نے 2.98 لاکھ یوزرس کے ریفنڈ کی منظوری میں اہم کردار نبھایا ہے۔‘‘ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سجیت نے پانچ سال تک چلی جدوجہد میں کامیابی ملنے کے بعد ’شکریہ‘ کہنے کے لیے 535 روپے پی ایم کیئر فنڈ میں ٹرانسفر بھی کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔