دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین 9 جون تک کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیجے گئے

ای ڈی کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ ہمارے پاس ڈاٹا انٹری ہے کہ کس طرح حوالہ میں پیسہ لگایا گیا اور پیسہ بھیجا گیا۔

ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی حکومت میں وزیر ستیندر جین کو عدالت نے 9 جون تک کے لیے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ ای ڈی نے پیر کو جین کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انھیں راؤز ایونیو کورٹ میں آج پیش کیا گیا۔ ای ڈی کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ ہمارے پاس ڈاٹا انٹری ہے کہ کس طرح حوالہ میں پیسہ لگایا گیا اور پیسہ بھیجا گیا۔ ای ڈی نے اس سلسلے میں ستیندر جین کی 14 دنوں پر مشتمل حراست کا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل ای ڈی افسران نے کہا کہ کچھ گھنٹوں کی پوچھ تاچھ کے بعد انھیں پی ایم ایل اے کی مجرمانہ دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر محترم جواب دینے میں ٹال مٹول والا رویہ اپنا رہے تھے۔


ستیندر جین اروند کیجریوال کی قیادت والی دہلی حکومت میں صحت، صنعت، بجلی، داخلہ، شہری ترقی اور آبی امور کے وزیر ہیں۔ ایجنسی نے گزشتہ مہینے کہا تھا کہ جین کی فیملی اور جین سے متعلق کمپنیوں کی 4.81 کروڑ روپے قیمت کی ملکیت کو ان کے خلاف ایک منی لانڈرنگ کی جانچ کے تحت غیر مستقل طور پر قرق کر لیا گیا ہے۔ اس وقت ای ڈی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ تقریباً 4.81 کروڑ روپے قیمت کی غیر منقولہ ملکیتیں اکنچن ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ، انڈو میٹل امپیکس پرائیویٹ لمیٹڈ، پریاس انفو سالیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ، منگلایتن پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، جے جے آئیڈیل ایسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ویبھو جین کی بیوی سواتی جین، اجیت پرساد جین کی بیوی سشیلا جین اور سنیل جین کی بیوی اندو جین سے متعلق ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔