نوٹ بندی: راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی پر پھر حملہ ’تاناشاہی فرمان نے عوام کو ناقابل فراموش چوٹ دی‘

راہل گاندھی نے لکھا کہ راجہ کے ایک تاناشاہی فرمان نے عوام کو کبھی نہ بھول پانے والی چوٹ دی ہے، نوٹ بندی کا درد ملک کبھی نہیں بھولے گا۔

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نوٹ بندی کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مرتبہ پھر ہدف تنقید بنایا ہے۔ مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر غلطیاں کرتے ہیں اور نوٹ بندی نے جو زخم دیئے ہیں اسے عوام بھولے نہیں ہیں۔

راہل گاندھی نے فیس بک پر لکھا، ’’8 نومبر 2016، کو نوٹ بندی کے نام پر پورے ملک کے عوام کو اچانک لائن میں لگا دیا گیا۔ عوام اپنا ہی پیسہ نکالنے کے لئے ترس گئے، کئی گھروں میں شادیاں تھیں، بچوں اور بزرگوں کا علاج چل رہا تھا، حاملہ خواتین تھیں، لیکن لوگوں کے پاس پیسے نہیں تھے۔ گھنٹوں لائن میں لگنے کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی۔’’


انہوں نے مزید لکھا، ’’2022 میں آر بی آئی کے حوالہ سے خبر آئی کہ بینک میں پہنچنے والے 500 کے جعلی نوٹوں میں 101.9 فیصد اور 2 ہزار کے جعلی نوٹوں میں 54.16 فیصد کا اضافہ ہو گیا۔ 2016 میں جہاں 18 لاکھ کروڑ کیش سرکولیشن میں تھا وہیں آج 31 لاکھ کروڑ کیش سرکولیشن میں ہے۔ سوال یہ ہے کہ آپ کے ڈیجیٹل انڈیا، کیش لیس انڈیا کا کیا ہوا پردھان منتری جی؟‘‘

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’نوٹ بندی کے وقت میں نے کہا تھا کہ یہ ’قومی سانحہ‘ ہے۔ غلط فہمی میں مت رہئے، مودی سے غلطی نہیں ہوئی، یہ دانستہ طور پر کیا گیا ہے، تاکہ عوام کے پیسے سے ’مودی دوست‘ سرمایہ داروں کا لاکھوں کروڑ رپے قرض معاف کیا جا سکے اور ان کے کالے دھن کو سفید کیا جا سکے۔‘‘ راہل گاندھی نے آخر میں لکھا کہ راجہ کے ایک تاناشاہی فرمان نے عوام کو کبھی نہ بھول پانے والی چوٹ دی ہے، نوٹ بندی کا درد ملک کبھی نہیں بھولے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔