ہماچل میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی، ندیوں میں طغیانی، پانی کے بہاؤ سے ریلوے پل منہدم

موسلادھار بارش کی وجہ سے، ہماچل پردیش میں چمبا بھرمور، پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر ایک بس کھائی میں گرنے سے بال بال بچ گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شملہ: ہماچل پردیش میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور ہماچل کو منسلک کرنے والا ریلوے کا ’چکّی پُل‘ بہہ گیا ہے۔ کانگڑا میں غیر محفوظ چکی ریلوے پل کی وجہ سے اگست کے پہلے ہفتے میں ہی ریل خدمات معطل کر دی گئی تھیں۔ موسلادھار بارش کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ دھرم شالہ-کانگڑا این ایچ پر سکوہ میں بھی ملبہ گرنے کے سبب سڑک 3 گھنٹے تک بند رہی۔ ضلع منڈی میں پدھر-جوگندر نگر ویا نوہالی روڈ پر بھی پہاڑی ملبہ گرنے سے ٹریفک متاثر ہے۔


وہیں، موسلادھار بارش کی وجہ سے، ہماچل پردیش میں چمبا بھرمور، پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر ایک بس کھائی میں گرنے سے بال بال بچ گئی۔ چمبا میں ڈلہوزی سے پٹیالہ جا رہی بس سڑک کے ایک حصے کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے آج یعنی سنیچر کی صبح کھائی میں بس گرنے سے بچ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ، سولن، سرمور، اونا، ہمیر پور اور بلاسپور اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شدید بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایسے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں اور سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ہفتہ 20 اگست کو اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ ارندم چودھری نے جمعہ کی شام ہی حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ منڈی میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش اور اگلے 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر 20 اگست کو منڈی ضلع کے کالجوں اور آئی ٹی آئی کو چھوڑ کر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔