بھارت جوڑو یاترا: آندھرا پردیش میں راہل گاندھی کی کسانوں سے ملاقات، امراوتی کو واحد راجدھانی بنانے کے مطالبہ کی حمایت

کسانوں نے امراوتی کو واحد راجدھانی کی شکل میں وسعت دینے کا مطالبہ کیا اور کانگریس سے حمایت طلب کی، اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے مطالبہ کی پرزور حمایت کرتی ہے۔

تصویر @INCIndia
تصویر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

بھارت جوڑو یاترا کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز آندھرا پردیش کے امراوتی میں کسانوں سے ملاقات کی۔ اس دوران کسانوں کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امراوتی کو آندھرا پردیش ریاست کی واحد راجدھانی کی شکل میں وسعت دی جانی چاہیے۔

امراوتی مشترکہ کارروائی کمیٹی (جے اے سی) کے لیڈروں کے ایک نمائندہ وفد نے کرنول ضلع کے الورو میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران راہل گاندھی سے ملاقات کی اور انھیں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت کے ذریعہ ریاست کی تین راجدھانیوں کو تیار کرنے کا فیصلہ لینے کے بعد کسانوں اور لوگوں کے دیگر طبقات کے سامنے آنے والے مسائل کے بارے میں بتایا۔


کسانوں نے امراوتی کو واحد راجدھانی کی شکل میں وسعت دینے کا مطالبہ کیا اور کانگریس سے حمایت طلب کی، اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے مطالبہ کی پرزور حمایت کرتی ہے۔ انھوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ اس تعلق سے پارٹی انھیں قانونی امداد بھی فراہم کرے گی۔

پولاورم پروجیکٹ سے بے گھر ہوئے کسانوں اور مقامی کسانوں کے ساتھ جے اے سی لیڈروں نے راہل گاندھی سے ان کے کیمپ میں ملاقات کی۔ بعد میں منیکرتی گاؤں میں میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس امراوتی کے کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں نے بہتر مستقبل کی امید میں ریاست کی راجدھانی کی ترقی کے لیے اپنی زمینیں چھوڑ دیں، لیکن تین ریاستوں کی راجدھانیوں کے فیصلے کے ساتھ ان کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔

تصویر @INCIndia
تصویر @INCIndia

کانگریس لیڈر نے پیاز کسانوں کے مسائل کے حل کا بھی عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے دہرایا کہ اگر مرکز میں برسراقتدار ہوتے ہیں تو کانگریس آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دے گی، جیسا کہ 2014 میں وعدہ کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی آندھرا پردیش تشکیل نو ایکٹ میں کیے گئے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ انھوں نے ملک کو تقسیم کرنے کے لیے بھی بی جے پی کی تنقید کی اور کہا کہ کانگریس بی جے پی کی تخریب کاری والی سیاست کے خلاف لڑ رہی ہے۔

واضح رہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ منگل کی صبح پڑوسی ریاست کرناٹک سے آندھرا پردیش میں داخل ہوئی۔ ریاستی کانگریس صدر ایس. شیلجاناتھ، ایگزیکٹیو صدر این. تلسی ریڈی، تیلگو ریاستوں کے یاترا کوآرڈنیٹر اور رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سینئر لیڈر ایم ایم پلم راجو، کے وی پی رام چندر راؤ، رگھوویرا ریڈی اور دیگر لیڈروں نے راہل گاندھی کے ساتھ یاترا میں حصہ لیا۔ یہ یاترا آندھرا پردیش میں 21 اکتوبر تک جاری رہے گی اور کرنول ضلع کے چار اسمبلی حلقوں میں تقریباً 100 کلومیٹر کی دوری طے کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔