حکومت چاہتی ہے کہ آپ بغیر سوال کیے تاناشاہ کی ہر بات مان لیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ ملک بے روزگاری کی وبا سے نبرد آزما ہے، کروڑوں کنبوں کے پاس مستحکم آمدنی کا کوئی راستہ نہیں بچا، لیکن حکومت صرف تکبر والے راجہ کی شبیہ چمکانے میں اربوں روپے پھونک رہی ہے۔

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج کئی ایشوز پر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ "خود کو اکیلا مت سمجھنا، کانگریس آپ کی آواز ہے، اور آپ کانگریس کی طاقت۔ تاناشاہ کے ہر فرمان سے عوام کی آواز دبانے کی ہر کوشش سے ہمیں لڑنا ہے۔ آپ کے لیے میں اور کانگریس پارٹی لڑتے آ رہے ہیں، اور آگے بھی لڑیں گے۔"

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ "آج ملک میں کن ایشوز پر غور و خوض ہونا چاہیے، یہ آپ اچھے سے جانتے ہیں، کیونکہ حکومت کی ہر غلط پالیسی کا اثر آپ کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "اس مانسون اجلاس میں ہم حکومت سے عوام کے سوالوں کے جواب مانگنا چاہ رہے تھے، لیکن آپ سب نے دیکھا کہ کس طرح حکومت نے اپوزیشن کے لوگوں کو معطل کروایا، ہمارے ذریعہ مخالفت کرنے پر ہمیں گرفتار کروایا، ایوان ملتوی کروایا، اور کل جب بحث ہوئی بھی تو حکومت نے صاف کہا کہ "مہنگائی جیسا کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں۔"


راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ "ملک بے روزگاری کی وبا سے نبرد آزما ہے، کروڑوں کنبوں کے پاس مستقل آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں بچا ہے، لیکن حکومت صرف متکبر راجہ کی شبیہ چمکانے میں اربوں روپے پھونک رہی ہے۔ مہنگائی اور گبر سنگھ ٹیکس عام آدمی کی آمدنی پر سیدھا حملہ کر رہی ہے۔ آج کی حقیقت یہ ہے کہ عام انسان اپنے خوابوں کے لیے نہیں بلکہ دو وقت کی روٹی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "حکومت چاہتی ہے آپ بغیر سوال کیے تاناشاہ کی ہر بات کو مان لیں۔ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں، ان سے ڈرنے اور تاناشاہی برداشت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ڈرپوک ہیں، آپ کی طاقت اور اتحاد سے ڈرتے ہیں، اس لیے اس پر لگاتار حملہ کر رہے ہیں۔ اگر آپ متحد ہو کر ان کا سامنا کرو گے، تو یہ ڈر جائیں گے۔ میرا آپ سے وعدہ ہے، نہ ہم ڈریں گے اور نہ انھیں ڈرانے دیں گے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔