مستقبل میں کووڈ-19، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی ناکامی اسٹڈی میں ہوں گی شامل: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے پی ایم نریندر مودی کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ مستقبل میں جب ناکامی پر کوئی اسٹڈی ہوگی تو کووڈ-19، نوٹ بندی اور جی ایس کا تذکرہ ہوگا

راہل گاندھی، تصویر گیٹی ایمج
راہل گاندھی، تصویر گیٹی ایمج
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے حالات لگاتار بگڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ملک میں ہر روز اوسطاً 20 ہزار کورونا کے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں کورونا کے 24 ہزار 248 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ 425 لوگوں کی اس وائرس سے جان چلی گئی ہے۔ ہندوستان اب روس کو پیچھے چھوڑ کر کورونا کے انفیکشن کے معاملے میں سرفہرست تین ممالک میں پہنچ گیا ہے۔ ملک میں لگاتار بڑھ رہے کورونا معاملوں کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی لگاتار حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے پیر کے روز پی ایم نریندر مودی کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کر مرکزی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مستقبل میں جب ناکامی پر کوئی اسٹڈی (تحقیق) ہوگی تو ان باتوں کو بتایا جائے گا۔ راہل گاندھی اپنے ویڈیو کے کیپشن میں کووڈ-19، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نفاذ کا تذکرہ کیا ہے۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ انھیں ہارورڈ کے بزنس اسکول میں ناکامی کے طور پر پڑھایا جائے گا۔ ٹوئٹ کے ساتھ ساتھ راہل گاندھی نے پی ایم نریندر مودی کا ویڈیو شیئر کیا جس میں انھوں نے ملک کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کو 21 دنوں میں جیتا جائے گا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اب کورونا وائرس سے جاری جنگ کو 100 دن سے اوپر ہو گئے ہیں، جب کہ ہندوستان کورونا وائرس کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔


آپ کو بتا دیں کہ راہل گاندھی کورونا وائرس کے دوران حکومت کی جانب سے کی جا رہی لاپروائی کو لے کر لگاتار سوال پوچھ رہے ہیں۔ اتوار کو بھی راہل گاندھی نے پی ایم کیئر فنڈ کے پیسوں سے خریدے گئے وینٹی لیٹرس کی کوالیٹی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت لوگوں کی جان خطرے میں کیوں ڈال رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ساتھ ہی کہا تھا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ پی ایم کیئرس فنڈ کا پیسہ اچھے سامانوں کو خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Jul 2020, 2:33 PM