پنجاب کو آج ملے گا پہلا دلت وزیر اعلیٰ، 11 بجے حلف لیں گے چرنجیت سنگھ چنی

چرنجیت سنگھ چنی کا تعلق رام داسیا سکھ برادری سے ہے اور وہ درج فہرست ذات کے زمرے سے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ وہ ریاست میں کانگریس حکومت میں کیپٹن امریندر سنگھ کی جگہ لیں گے۔

چرنجیت سنگھ چنی پنجاب کے گورنر کو لیٹر دیتے ہوئے، تصویر یو این آئی
چرنجیت سنگھ چنی پنجاب کے گورنر کو لیٹر دیتے ہوئے، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: چرنجیت سنگھ چنی کو گزشتہ روز پنجاب کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا اور اب وہ ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج ہریش راوت نے چرنجیت سنگھ چنی کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ چرنجیت چنی کو پارٹی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔

چرنجیت سنگھ چنی کے لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر منتخب ہونے کے بعد ہریش راوت، ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ گزشتہ روز راج بھون پہنچے اور گورنر بنوری لال پروہت سے ملاقات کی اور انہیں حکومت بنانے کے لیے ایک خط دیا۔ گورنر بنواری لال نے انہیں پیر یعنی آج صبح 11 بجے حلف لینے کا وقت دیا ہے۔


چرنجیت سنگھ چنی کا تعلق رام داسیا سکھ برادری سے ہے اور وہ درج فہرست ذات کے زمرے سے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ وہ ریاست میں کانگریس حکومت میں کیپٹن امریندر سنگھ کی جگہ لیں گے۔ دریں اثنا، کیپٹن امریندر سنگھ نے ٹوئٹ کیا اور چرنجیت سنگھ چنی کو پارٹی کی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چرنجیت چنی سرحدی ریاست پنجاب کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے عوام کو سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچائیں گے۔

چرنجیت سنگھ چنی کا تعلق دلت برادری سے ہے اور وہ کیپٹن امریندر سنگھ کی حکومت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹریل ٹریننگ کے وزیر تھے۔ چمکور صاحب اسمبلی حلقہ سے تین بار ایم ایل اے رہنے والے چرنجیت چنی کو 16 مارچ 2017 کو کیپٹن کی حکومت میں کابینی وزیر بنایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔