پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے شہید جوان کی اَرتھی کو دیا کندھا، سبھی کی آنکھیں نم

شہید سپاہی گجن سنگھ 9 سال قبل فوج میں داخل ہوئے تھے، وہ چار بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، 8 مہینے پہلے فروری میں ان کی شادی ہوئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں شہید ہوئے 26 سالہ سپاہی گجن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کی اور ان کی اَرتھی کو کندھا دیا۔ شہید کی آخری رسومات روپڑ ضلع کے نور پور بیدی میں ان کے آبائی گاؤں پچرنڈا میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر سبھی کی آنکھیں نم تھیں۔

وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے اسمبلی اسپیکر کے پی سنگھ کے ساتھ گلہائے عقیدت پیش کیے اور ’اَرداس‘ مین حصہ لیا۔ سپاہی گجن سنگھ 11 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں شہید ہوئے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران شہادت دینے والے بہادر کا جسد خاکی نذرِ آتش کیے جاتے وقت وزیر اعلیٰ چنّی شہید کے بھتیجے اور ان کے والد کے ساتھ کھڑے رہے۔


غمزدہ فیملی کے اراکین کے ساتھ اپنی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گجن سنگھ کی ناقابل فراموش قربانی ان کے ساتھی فوجیوں کو ملک کی سالمیت اور اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی خودسپردگی اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کے لیے ترغیب دے گی۔

سپاہی گجن سنگھ 9 سال قبل فوج میں داخل ہوئے تھے۔ وہ چار بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ آٹھ مہینے قبل، فروری میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ ان دنوں شادی کی پوشاک میں کسان سَنگھ کا جھنڈا پکڑے ان کی تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔ شہید کے کنبہ میں ان کی بیوی ہرپریت کور اور والدین چرن سنگھ و ملکیت کور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔