پنجاب: یومِ شہادت پر وزیر اعلیٰ بھگونت مان کریں گے بدعنوانوں پر پہلا حملہ!

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے حلف لینے کے ایک دن بعد جمعرات کو شہید اعظم بھگت سنگھ کے یومِ شہادت 23 مارچ کو عوام کے لیے ایک موبائل فون نمبر لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھگونت مان
بھگونت مان
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے حلف لینے کے ایک دن بعد جمرات کو شہید اعظم بھگت سنگھ کے یومِ شہادت یعنی 23 مارچ کو عوام کے لیے ایک موبائل فون نمبر لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس نمبر پر کام کے لیے رشوت مانگنے والے یا بدعنوانی میں ملوث افسران کی ویڈیو اَپ لوڈ کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو ایک عوامی خادم کی شکل میں ذمہ داریوں پر عمل کرنے اور حال ہی میں اختتام پذیر اسمبلی انتخابات میں عآپ کو ملے زبردست مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ لوگ جنھوں نے ہمیں ریاست کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے، جمہوریت کے اصلی حاکم وہی ہیں۔ ان کے پاس لیڈروں کو حکومت دینے یا انھیں باہر کا دروازہ دکھانے کی طاقت ہے۔‘‘

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی مثال پیش کرتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ ’’میچ جیتے یا ہارے لیکن یہ ٹیم جذبہ ہے جو معنی رکھتی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے افسران سے پنجاب کو اچھی کارکردگی میں سرفہرست ریاست بنانے کے لیے ٹیم جذبہ کا بے داغ مظاہرہ کرنے کی گزارش کی۔ بھگونت مان نے یہ بھی کہا کہ ’’ہماری اہم فکر اپنی ریاست کو لندن، کیلیفورنیا یا پیرس نہیں اصل پنجاب بنانے کی ہونی چاہیے۔‘‘ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت سیاسی رنجش میں شامل نہیں ہوگی اور پوری انتظامیہ کو بغیر کسی سیاسی دباؤ کے اپنی ذمہ داریوں کو بے خوف ہو کر نبھانے کو کہا۔ پہلے کی حکومتوں کے برعکس پنجابیوں کی امیدوں کو پورا کرنے کے لیے انتہائی خود سپردگی اور ایمانداری کے ساتھ ذمہ داری نبھائیں کیونکہ انھوں نے عام آدمی پارٹی (عآپ) کو بہترین انداز میں برسراقتدار کرنے کے لیے ووٹ دیا ہے۔


بھگونت مان نے کہا کہ ’’میں پہلے کی سیاسی پارٹیوں کی طرح لال ڈائری نہیں رکھتا اور صرف ہری ڈائری رکھتا ہوں، اس لیے آپ کو کسی رنجش کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ مان نے سول اور پولیس دونوں افسران کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں امید کرتا ہوں کہ آپ عام آدمی کا احترام کریں گے اور بدلے میں ہم بھی آپ کو ایک عوامی خادم ہونے کے حقیقی جذبہ کا مظاہرہ کرنے کے لیے احترام اور مناسب پہچان دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’بدعنوان افسران کی میری حکومت میں کوئی جگہ نہیں ہے اور اگر ایسی کوئی شکایت میری جانکاری میں آتی ہے تو ایسے افسران کے لیے کسی طرح کی ہمدردی کی امید نہ کریں۔‘‘

روایت کو توڑتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لیے سول اور پولیس دونوں افسران کو ’اعلیٰ کارکردگی ایوارڈ‘ سے نوازنے کے علاوہ سبھی کی حوصلہ افزائی کے لیے آزاد اور غیر جانبدارانہ انصاف یقینی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ پنجاب کو رول ماڈل ریاست بنانے کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ ان کی حکومت کی سب سے بڑی فکر یہ ہوگی کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بھرپور مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ریاست سے بیرون ممالک میں برین ڈرین کی افسوسناک روش کو روکا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’اس نظارے نے غریب اور بے بس والدین کو روزی روٹی کمانے کے لیے بہتر امکانات کے لیے اپنے بچوں کو بیرون ممالک بھیجنے کے لیے اپنی ملکیت بیچنے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔‘‘ مان نے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت جلد ہی ہمارے بے روزگار نوجوانوں کے لیے اعلیٰ ترجیح پر روزگار کے زبردست مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک وسیع منصوبۂ کار لے کر آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔