پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف حیدر آباد میں احتجاج، کانگریس لیڈران و کارکنان گرفتار

کانگریس لیڈران و کارکنان نے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں روزبروز اضافہ پر مودی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

حیدرآباد: پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کے خلاف ہائی کمان کی اپیل پر کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کی جانب سے تلنگانہ بھر میں احتجاج کیا گیا۔ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے دھرنا چوک کے قریب کانگریس کے لیڈروں اورکارکنوں نے احتجاج کیا۔ یہ لیڈران اور کارکن پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کے حصہ کے طور پر بیل بنڈی پر پہنچے تھے، تاہم پولیس نے ان کو روکنے کی کوشش کی جس پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ احتجاجیوں کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے جو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ بعض احتجاجی سائیکل پر بھی پہنچے تھے۔

اندراپارک کے قریب پارٹی کے کارگذارصدر و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کی قیادت میں سائیکل اور بیل بنڈیوں کے ساتھ اندراگاندھی کے مجسمہ سے جانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم احتجاجی پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی پولیس نے احتجاجیوں کو روک دیا جس کے نتیجہ میں پولیس اور احتجاجیوں کے درمیان بحث وتکرار ہوگئی۔ پولیس نے احتجاجی کانگریس لیڈروں کو گرفتار کرلیا۔ ان کارکنوں نے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ پر مودی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انجن کمار یادو نے کہا کہ پُرامن احتجاج کرنے پر پولیس کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو حراست میں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے میں اہم رول سونیا گاندھی کا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔