سیرتِ نبویؐ انسانیت کے مسائل کا اصل حل ہے: مولانا محمود مدنی
کشن گنج میں جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام سیرت رسولؐ کوئز پروگرام میں مولانا محمود مدنی نے سیرتِ نبویؐ کو انسانی بحرانوں کا حل قرار دیا۔ طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے

تصویر پریس ریلیز
کشن گنج: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا ہے کہ آج دنیا جس تباہی کے دہانے پر ہے، اس سے نکلنے کا واحد راستہ سیرتِ نبویؐ کی پیروی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سیرتِ پاکؐ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ مولانا مدنی بہار کے ضلع کشن گنج کے قطب گنج میں جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیر اہتمام ’سیرت رسولؐ کوئز کمپٹیشن‘ کے انعامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ زندگی صرف انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نبی کریمؐ کی محبت ایمان کا حصہ ہے اور سیرتِ طیبہ کو اپنانا ہی کامیاب زندگی کا راستہ ہے۔
اس تعلیمی و تربیتی پروگرام کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ نبویؐ سے جوڑنا ہے۔ پروگرام میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے دو گروپ اے اور بی بنائے گئے تھے۔ ہر گروپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 10 ہزار، 5 ہزار اور 3 ہزار کے نقد انعامات دیے گئے۔ گروپ اے میں نایاب کوکب، توفیہ ناز اور منیرہ کشف نے بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔ گروپ بی میں نورانی بیگم، رضیہ گلنار خانم اور شاہ جمال نمایاں رہے۔
پروگرام کی صدارت نائب صدر جمعیۃ علماء کشن گنج مولانا مفتی محمد عیسی جامی قاسمی نے کی، جبکہ سرپرستی جمعیۃ علماء بہار کے صدر مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی نے کی۔ اجلاس کی نظامت مفتی محمد مناظر نعمانی قاسمی نے انجام دی۔
مولانا خالد انور قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج نے کہا کہ اب تک اس پروگرام سے دس ہزار سے زائد بچے مستفید ہو چکے ہیں۔ کنوینر مولانا ابوسالک ندوی نے رزلٹ کا اعلان کیا اور مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں انعامات تقسیم کرائے۔
اس موقع پر متعدد معزز شخصیات اور عوامی نمائندے بھی موجود تھے جن میں اختر الایمان، مولانا سعود اسرار، اظہار آصفی، قمر الہدی، اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء کے اراکین نے بھرپور شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔