ظلم کی شکار نابالغ بچی سے پرینکا نے فون پر کی بات، قصورواروں کو سزا دلانے کا وعدہ

کانگریس نے نابالغ بچی پر ہوئے ظلم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، ساتھ ہی کانگریس نے بچی کو سیکورٹی دینے اور فاسٹ ٹریک مقدمہ چلا کر ملزمین کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کچھ دنوں قبل امیٹھی میں ایک نابالغ بچی پر بربریت کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی۔ بچی کو کچھ لوگ بری طرح پیٹ رہے تھے اور اس پر موبائل چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کر نابالغ بچی پر ظلم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور 24 گھنٹے کے اندر قصورواروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کے ذریعہ دو لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ اب پرینکا گاندھی نے ظلم کی شکار اس نابالغ بچی سے فون پر بات کی۔ 30 دسمبر کو ہوئی اس بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے بچی سے کہا کہ ’’میں تمھارے ساتھ ہوں اور قصورواروں کو سزا دلوانے کے لیے پرزور طریقے سے لڑائی لڑوں گی۔‘‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج امیٹھی میں کانگریس پارٹی نے نابالغ بچی پر ہوئے ظلم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ ساتھ ہی کانگریس نے بچی کو سیکورٹی دینے اور فاسٹ ٹریک مقدمہ چلا کر ملزمین کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔


واضح رہے کہ امیٹھی پولیس نے مبینہ طور پر دو موبائل فون چرانے والی لڑکی کی پٹائی کرنے کے الزام میں دو نوجوانوں کو 29 دسمبر کو گرفتار کر کے معاملہ درج کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی تھی۔ ویڈیو میں رائے پور پھلواری گاؤں باشندہ سورج سونی اپنے دوست کے ساتھ لڑکی کی پٹائی کرتا ہوا دکھائی دیا تھا۔

سونی نے مبینہ طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج سے لڑکی کی شناخت کی، لیکن اسے پولیس کو سونپنے کی جگہ خود اپنے دوست کے ساتھ مل کر لڑکی کی پٹائی شروع کر دی۔ ویڈیو میں دو لوگ لڑکی کی پٹائی کرتے ہوئے اور اس کے بال کھینچتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان ڈنڈا لیے ہوئے ہے اور لڑکی کو زمین پر لیٹنے کے لیے کہہ رہا ہے۔ جیسے ہی وہ لیٹتی ہے، دوسرا نوجوان اس کے پیروں پر لاٹھی سے حملہ شروع کر دیتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔