پی ایم مودی کریں گے پھر وزرائے اعلیٰ سے میٹنگ، کیا پھر بڑھے گا لاک ڈاؤن؟

کیا لاک ڈاؤن میں پھر توسیع ہوگی یا کسی طرح کی نرمی کا اعلان ہوگا، ملک کے عوام کے ذہن میں اس طرح کے سوال گردش کر رہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم ایک بار پھر وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کرنے جا رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا کی وبا کے خلاف ملک بھر میں چلائی جا رہی مہم کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک بار پھر میٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔


وزیر اعظم مودی کی ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ دوپہر تین بجے یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہوگی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا بحران کے دوران وزیراعظم کی ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ یہ پانچویں میٹنگ ہوگی۔ وزیراعظم کے دفتر نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ’’وزیراعظم نریندرمودی کل دوپہر تین بجے ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے میٹنگ کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں گزشتہ 25 مارچ سے مکمل لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ مکمل لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے کے ختم ہونے سے پہلے ہونے والی اس میٹنگ کو آگے کی حکمت عملی کے لئے کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ اس میٹنگ میں معیشت کو پٹری پر لانے اور ملک میں ٹھپ پڑے کام دھندوں کو شروع کرنے اور اس وبا سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔


کورونا کی وجہ سے پیدا ہوئے غیر معمولی حالات کے پیش نظر ملک میں پہلے 25 مارچ سے 14 اپریل پھر 15 اپریل سے تین مئی اور اس کے بعد چار مئی سے 17 مئی تک تین مرحلوں میں مکمل لاک ڈاؤن شروع ہونے سے پہلے حکومت نے وسیع ہدایات جاری کرکے پورے ملک کو انفیکشن کی بنیاد پر تین زون ریڈ، اورینج اور گرین زون میں تقسیم کیا تھا۔ انفیکشن مزید پھیلنےکے حالات کی بنیاد پر ہی ان علاقوں میں رعایت دی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔