ماک ڈرل کی تیاریاں شروع، آپ کو کچھ باتوں کا رکھنا ہوگا خاص خیال
ماک ڈرل کے دوران شہریوں کو ہوائی حملے سے بچنے کے طریقوں کے بارے میں بتایا جائے گا۔ اس دوران سائرن بھی بجیں گے۔

ماک ڈرل کی علامتی تصویر، مصنوعی ذہانت
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی نے دونوں ممالک کی عوام کو بھی خوف میں ڈال دیا ہے۔ ہندوستان میں تو 7 مئی کو ہونے والی ماک ڈرل کی تیاریاں آج سے ہی شروع ہو گئی ہیں۔ ملک کے 244 اضلاع میں بدھ کے روز ماک ڈرل ہوگی۔ یہ ماک ڈرل ہندوستانی فوج کے ساتھ ساتھ ہندوستانی عوام کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ اس ماک ڈرل کے دوران عوام کو کچھ باتوں کا خاص خیال رکھنا ہوگا، اور اس بارے میں ضروری جانکاریاں فراہم کی جائیں گی۔
22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان سے بڑھتی کشیدگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے ماک ڈرل کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ ماک ڈرل کے دوران شہریوں کو ہوائی حملے سے بچنے کے طریقے بتائے جائیں گے۔ جب ماک ڈرل ہوگا تو سائرن بھی بجیں گے جو عوام کو محتاط کرنے کے لیے ہوگا۔
مرکزی حکومت نے ماک ڈرل میں حصہ لینے والی سبھی ریاستوں کو اپنی ایگزٹ پالیسیوں میں ترمیم کرنے اور یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ مکمل پریکٹس پوری صلاحیت کے ساتھ کی جائے۔ ماک ڈرل کے دوران اختیار کیے جانے والے طریقوں میں ہوائی حملے کی تنبیہ دینے والے سائرن کا بجنا اور شہریوں کو کسی بھی حملے کی حالت میں خود کو بچانے کے لیے حفاظتی پہلوؤں پر تربیت دینا شامل ہے۔
دیگر ترکیبوں میں حادثہ کی حالت میں بلیک آؤٹ کے طریقے، اہم پلانٹس اور اداروں کی حفاظت اور ایگزٹ منصوبوں کو اَپڈیٹ کرنے اور پریکٹس کرنے کے التزامات شامل ہیں۔ ماک ڈرل سے ایک دن قبل، یعنی منگل کے روز وزارت داخلہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں اس بات کا تجزیہ ہوا کہ لوگوں کو کس طرح ٹریننگ دینی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ماک ڈرل میں کچھ خاص باتوں پر توجہ دی جائے گی، مثلاً ایئر ریڈ سائرن کو فالو کیسے کریں، بلیک آؤٹ سچویشن میں کیا کریں، فرسٹ ایڈ کی تیاری، ٹارچ گھر میں ہو، موم بتی ضرور رکھیں، الیکٹرک فیلیئر کی حالت سے بچنے کے لیے نقد رکھیں۔ ماک ڈرل کے دوران کئی ایسی باتیں ہوں گی، جس کے بارے میں عوام کو جانکاری رکھنی چاہیے۔ ماک ڈرل میں ہوائی حملے کے اشارے دینے والے سائرن بجیں گے، عام شہریوں کو ٹریننگ دی جائے گی، شہروں میں اچانک بجلی بند ہو جائے گی، فوجی ٹھکانوں اور پاور پلانٹس جیسے اہم مقامات کو چھپایا جائے گا۔
ماک ڈرل کے دوران کچھ باتوں سے عوام کو پرہیز کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ہوائی حملے سے متعلق الرٹ کے دوران باہر یا کھڑکیوں کے پاس جانے سے بچیں۔ اس کی جگہ گھر کے اندر رہیں۔ گھروں کی لائٹ کو بند کر دیں۔ سبھی دروازے اور کھڑکیاں بند کرنا اور ہدایات کے لیے ریڈیو یا ٹی وی دیکھ کر خود کو الرٹ رکھنا بھی اہم ہے۔ اگر آپ سائرن سنتے ہیں، تو ضروری احتیاط برتیں۔ جب تک ہدایت نہ دی جائے، تب تک اپنے محفوظ مقام کو نہ چھوڑیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔