پولیس اہلکار نے یوتھ کانگریس صدر شرینواس کے بال کھینچے، دہلی پولیس کرے گی کارروائی

دہلی پولیس نے کہا کہ ان پولیس اہلکاروں کی شناخت کی جا رہی ہے جنھوں نے شرینواس بی وی کے ساتھ بدسلوکی کی، قصورواروں کے خلاف ڈسپلنری کارروائی شروع کرنے کی یقین دہانی بھی دہلی پولیس نے کرائی ہے۔

تصویر ٹوئٹر @drajoykumar
تصویر ٹوئٹر @drajoykumar
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ چل رہی تھی، اور دوسری طرف کانگریس لیڈران و کارکنان مختلف ایشوز کو لے کر سڑکوں پر مظاہرہ کر رہے تھے۔ اس دوران دہلی میں یوتھ کانگریس صدر شرینواس بی وی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ کانگریس نے اس تعلق سے ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حراست میں لیے جانے کے دوران پولیس کے جوانوں نے شرینواس کے ساتھ بدسلوکی کی۔ پیش کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کے جوان شرینواس کو گھیرے ہوئے ہیں اور ایک پولیس اہلکار ان کے بال کھینچ رہا ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دہلی پولیس نے کہا ہے کہ ان پولیس اہلکاروں کی شناخت کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جنھوں نے شرینواس بی وی کے ساتھ بدسلوکی کی۔ شناخت کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف ڈسپلنری کارروائی شروع کرنے کی یقین دہانی بھی دہلی پولیس نے دی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ شرینواس بی وی نے اپنے ٹوئٹر پر دہلی کانگریس ہیڈکوارٹر کے پاس کانگریس لیڈران و کارکنان کو پولیس کے ذریعہ روکے جانے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔ اس ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ایک پولیس اہلکار کس طرح اُن کے بال کھینچ رہا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آزاد ہندوستان میں اگر کانگریس کے کارکنان اپنے ہی ہیڈکوارٹر کے باہر نہیں آ سکتے تو پھر کس بات کی جمہوریت؟ آخر تاناشاہ کو اتنا ڈر کیوں ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔