سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ، پُر امن احتجاج کر رہے راہل گاندھی کو کیا گیا گرفتار

کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’پی ایم مودی اور امت شاہ کی سازش ہے کہ اپوزیشن کو ختم کر کے ہماری آواز کو خاموش کرایا جائے۔ ہم اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم لڑتے رہیں گے۔‘‘

تصویر قومی آواز/ وپن
تصویر قومی آواز/ وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نیشنل ہیرالڈ معاملے میں دوسرے دور کے بیان درج کرانے کے لئے منگل کے روز ای ڈی کے دفتر پہنچیں۔ اس دوران ان کے بیٹے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی اور بیٹی پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔ تاہم پرینکا گاندھی ان کے ساتھ ای ڈی کے دفتر گئیں اور راہل گاندھی پُرامن دھرنا دینے لگے۔ دریں اثنا، وجے چوک سے نکالے جانے والے کانگریس کے پرامن مارچ پر دہلی پولیس نے کاررروائی کرتے ہوئے راہل گاندھی سمیت متعدد لیڈران کو گرفتار کر لیا۔ کانگریس کے لیڈران وجے چوک سے راشٹرپتی بھون تک پیدل مارچ کرنے والے تھے۔

راہل گاندھی کو حراست میں لئے جانے کے بعد کانگریس پارٹی نے ٹوئٹ کیا، ’’راہل گاندھی سمیت کانگریس کے تمام اراکین پارلیمنٹ کو راشٹرپتی بھون تک مارچ کرنے سے روک کر وجے چوک پر زبردستی گرفتار کر لیا گیا۔ اب انہیں پولیس بسوں کے ذریعے انہیں کسی نامعلوم مقام پر لے جا رہی ہے۔ منزل صرف وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ شاہ کو معلوم ہے۔‘‘


وہیں، کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’پی ایم مودی اور امت شاہ کی سازش ہے کہ اپوزیشن کو ختم کر کے ہماری آواز کو خاموش کرایا جائے۔ ہم اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم لڑتے رہیں گے۔‘‘ قبل ازیں، دہلی پولیس نے کانگریس کو راج گھاٹ پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور وہاں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس دفتر کے قریب بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس پر کانگریس نے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا کہ ہم راج گھاٹ پر ستیہ گرہ کرنا چاہتے تھے لیکن بی جے پی اس کی اجازت نہیں دے رہی۔ انہوں نے نیشنل ہیرالڈ کے بارے میں کہا کہ یہ کیس 2016 میں ختم ہو گیا تھا۔ ای ڈی نے اسے بند کر دیا تھا لیکن حکومت نے اسے دوبارہ کھول دیا ہے۔ اجے ماکن نے الزام لگایا کہ کانگریس لیڈروں کو پارٹی دفتر میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔ نیز، کانگریس لیڈر اور کارکنان پورے ملک میں ستیہ گرہ کر رہے ہیں۔


سونیا گاندھی پر ای ڈی کی کارروائی کے خلاف کانگریس کے احتجاج کے پیش نظر دہلی پولیس نے ٹریفک الرٹ جاری کیا ہے۔ پولیس نے موتی لال نہرو مارگ، اکبر روڈ، جن پتھ، مان سنگھ روڈ، گول میتھی جنکشن، تغلق روڈ جنکشن، کلیریجز جنکشن، کیو پوائنٹ جنکشن، سنہاری مسجد جنکشن، مولانا آزاد روڈ جنکشن پر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک لوگوں کو سفر نہیں کرنے کی صلاح دی۔ دہلی پولیس کی جانب سے ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔