ڈی ٹی ڈی سی پارسل میں 97 تلوار دیکھ کر پولیس حیران، 4 افراد کے خلاف معاملہ درج

پولیس کے مطابق برآمد اسلحوں کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 22 ہزار روپے ہے، جانکاری کے مطابق اس سے پہلے بھی ایسے اسلحے کوریر کمپنی کے ذریعہ دوسرے شہروں میں پہنچائے گئے تھے۔

تلواریں، علامتی تصویر آئی اے این ایس
تلواریں، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں کوریر کمپنی ڈی ٹی ڈی سی کو کچھ ایسے پارسل ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کی ذمہ داری ملی، جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ کوریر کمپنی کو تین الگ الگ پارسل کے اندر 97 تلواریں، 2 ککری اور 9 میان ملے ہیں۔ اس کے بعد پمپری چنچواڑ پولیس نے 4 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی ٹی ڈی سی ملازمین کو دو باکس پر کچھ شبہ ہوا۔ انھوں نے اس کی جانکاری کمپنی کے ریجنل منیجر رنجیت کمار سنگھ کو دی جس کے بعد منیجر نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور جب دونوں مشتبہ باکس کی اسکیننگ کی گئی تو شبہ مزید بڑھ گیا۔ پھر ان دونوں باکس کو کھولنے کا فیصلہ لیا گیا۔ ان باکس کے کھلتے ہی پولیس حیران رہ گئی کیونکہ ان دونوں باکس میں 92 تلواریں، 2 ککری اور 9 میان رکھی ہوئی تھیں۔ کوریر بھیجنے والے کا نام امیش سُدھ اور پارسل کی ڈیلیوری لینے والے کا نام انل ہون ہے۔ ان کا تعلق مہاراشٹر سے ہے۔ پولیس کے مطابق ایک بوری کے اندر لپیٹی ہوئی 5 مزید تلواریں بھی ہاتھ لگی ہیں جو منندر خالصا فورس کے ذریعہ امرتسر کے رہنے والے آکاش پاٹل کے پتے پر بھیجی گئی تھی۔ ان سبھی کے خلاف پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ان تلواروں کو غیر قانونی طریقے سے خریدنے اور فروخت کرنے والے چاروں ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے میں مصروف ہو گئی ہے۔


ڈی ٹی ڈی سی کے ذریعہ غیر قانونی طریقے سے ملے اسلحوں کے اس ذخیرے کو ریاست میں ہونے والے انتخاب سے جوڑ کر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد اسلحوں کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 22 ہزار روپے ہے۔ جانکاری کے مطابق اس سے پہلے بھی ایسے اسلحے کوریر کمپنی کے ذریعہ دوسرے شہروں میں پہنچائے گئے تھے۔ اب پولیس اس کی جانچ کر رہی ہے کہ اُس وقت ان اسلحوں کا خریدار کون تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔