وزیر اعظم مودی کو ملک کے تئیں اپنی جواب دہی ضرور ادا کرنی چاہیے: جے رام رمیش

کانگریس رہنما جے رام رمیش نے پارلیمنٹ میں کم موجودگی اور منی پور معاملے میں خاموشی اختیار کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

 کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی پارلیمنٹ میں کم موجودگی پر سوال اٹھایا۔

جے رام رمیش نے کہا، ’’کچھ ہی دیر میں سج دھج کر وزیر اعظم پارلیمنٹ کے باہر اپنے مشہور انداز میں میڈیا کے سامنے ملک کے نام اپنا پیغام دیں گے۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی وہ گھسی پٹی، کھوکھلی باتیں دہرائے جائیں گے۔‘‘


رمیش نے آگے کہا کہ وزیر اعظم مودی پارلیمنٹ میں بہت، بہت، بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔ وہ سال میں صرف ایک بار، صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تجویز کے دوران بولتے ہیں۔ لیکن اس بار جب پہلگام حملہ، آپریشن سندور اور صدر ٹرمپ سے جڑے معاملے پارلیمنٹ میں بحث کے لیے آئیں گے تو انہیں ملک کے تئیں اپنی جواب دہی ضرور ادا کرنی چاہیے۔

منی پور معاملے میں وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریسی رہنما نے کہا، ’’48 گھنٹے بعد یہ سپر پریمیم فریکوینٹ فلائر پی ایم ایک اور غیر ملکی دورے پر نکل پڑیں گے۔ منی پور کے عوام کے پاس مایوس ہونے کی ایک اور وجہ ہوگی۔‘‘


واضح رہے کہ جے رام رمیش نے گزشتہ دنوں بھی وزیر اعظم مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے وزیر اعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے تقریر کریں گے۔ اس کے بعد وہ ہی ہوگا، بلڈوزر چلایا جائے گا، منمانی کی جائے گی۔ ہر اجلاس کے پہلے کل جماعتی میٹنگ ہوتی ہے جو رسمی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلگام پر کل جماعتی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا وہ بھی وزیر اعظم کی صدارت میں لیکن وہ اس میں نہیں آئے۔ ہم نے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کیا اسے بھی نظر انداز کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔