دوسری ریاستوں سے بہار پہنچنے والے افراد اب کوارنٹائن سنٹر میں نہیں رکھے جائیں گے!

ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بہار آنے والے زیادہ تر لوگ آ چکے ہیں، اس لیے 15 جون سے کوارنٹائن سنٹر بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دوسری ریاستوں سے بہار میں آنے والے لوگ اب کوارنٹائن سنٹروں میں نہیں رکھے جائیں گے۔ حکومت کا منصوبہ 15 جون سے سبھی کوارنٹائن سنٹرس کو بند کر دینے کا ہے۔ اس درمیان ڈور ٹو ڈور اسکریننگ جاری رہے گی اور ریلوے اسٹیشنوں پر میڈیکل کیمپ بھی رہیں گے۔ اطلاعات اور عوامی رابطہ محکمہ کے سکریٹری انوپم کمار نے بتایا کہ اب کوارنٹائن سنٹر کی تعداد کم ہو رہی ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ اپنی منزل تک پہنچ چکے ہیں۔ بہار کے مختلف شہروں میں ٹھیلہ وینڈر، دہاڑی مزدور، رکشہ ڈرائیور اور دیگر ضرورت مند لوگوں کے کھانے، رہنے اور ان کی صحت کی جانچ کے لیے اس وقت 53 راحتی مراکز ہیں، جس سے تقریباً 11789 لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

انوپم کمار کا کہنا ہے کہ "بلاک کوارنٹائن سنٹر کی تعداد ابھی 11581 ہیں جس میں 5 لاکھ 26 ہزار 768 لوگ رہ رہے ہیں۔ ابھی تک بلاک کوارنٹائن سنٹر میں کل 14 لاکھ 3 ہزار 576 لوگ رہ چکے ہیں، جس میں سے 8 لاکھ 76 ہزار 808 لوگ کوارنٹائن کی مقررہ مدت پورا کر کے اپنے گھر جا چکے ہیں۔


ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بہار آنے والے بیشتر لوگ واپس آ چکے ہیں۔ 15 جون سے کوارنٹائن سنٹر بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انھوں نے حالانکہ یہ بھی کہا کہ ڈور ٹو ڈور ہیلتھ نگرانی جاری رہے گی اور پرائمری ہیلتھ سنٹرس اور اسپتالوں میں کورونا کو لے کر علاج کی سہولت موجود رہے گی۔

غور طلب ہے کہ بہار میں 3 مئی سے ٹرینوں سے مزدوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ 3 مئی کے بعد 2743 مہاجر افراد کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس میں مہاراشٹر کے 677، دہلی کے 628، گجرات کے 405، ہریانہ کے 237، اتر پردیش کے 149 سمیت دیگر ریاستوں سے آنے والے مہاجر مزدور شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */