پانپور تصادم: لشکر طیبہ کمانڈر سمیت دو ملی ٹنٹ ہلاک

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ درنگ بل پانپور تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے بھی مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے درنگ بل علاقے میں دوران شب چھڑنے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک کمانڈر سمیت دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پانپور تصادم میں دو ملی ٹنٹ ہلاک کر دیئے گئے تاہم آپریشن ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹنٹوں کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ درنگ بل پانپور تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے بھی مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'درنگ بل پامپور تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے کو ہلاک کر دیا گیا جس نے باغات سری نگر میں ہمارے دو ساتھیوں کانسٹیبل محمد یوسف اور کانسٹیبل سہیل احمد کو شہید کیا تھا، جب وہ چائے پی رہے تھے ملی ٹنٹوں کے دوسرے جرائم میں یہ سب سے زیادہ نا قابل معافی جرم ہے'۔


ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'ہم ملی ٹنٹوں کو تلاش کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر رہے ہیں اور وادی میں فساد پھیلا رہے ہیں ایسے عناصر اور ان کا نام سماج سے نکال باہر کیا جانا چاہئے'۔ قبل ازیں کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ اونتی پورہ پولیس کو ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شام درنگ بل پانپور کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ پھنسے ہوئے ملی ٹنٹوں کو سرنڈر کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تصادم چھڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرے میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے سمیت دو ملی ٹنٹ پھنسے ہوئے ہیں۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 50 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے درنگ بل پامپور کو گزشتہ شام محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔