پہلگام دہشت گردانہ حملہ: کانگریس نے ملک گیر سطح پر نکالا کینڈل مارچ، راہل گاندھی کی بھی شرکت

کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا ہے کہ پہلگام میں ہوئے بزدلانہ حملے نے 26 بے گناہوں کی جان لے لی۔ یہ انسانیت کے خلاف سب سے بڑا جرم ہے، جس کی کوئی معافی نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس کے ذریعہ نکالے گئے کینڈل مارچ میں شریک راہل گاندھی</p></div>

کانگریس کے ذریعہ نکالے گئے کینڈل مارچ میں شریک راہل گاندھی

user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس حملے میں 26 بے قصور لوگوں کی جان چلی گئی۔ اس حملے کے خلاف پورے ملک میں غم و رنج کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کانگریس نے بھی اس حملے کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ حکومت سے کیا ہے۔ کانگریس نے ملک گیر سطح پر آج کینڈل مارچ بھی نکالا تاکہ بے قصور ہلاک شدگان کے تئیں خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی دہلی میں پارٹی لیڈران اور کارکنان کے ساتھ کینڈل مارچ میں شامل ہوئے۔ اس کینڈل مارچ کی کچھ ویڈیوز اور تصویریں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ پہلگام میں ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے نے 28 (حالانکہ حکومت نے 26 مہلوکین کی فہرست جاری کی ہے) بے گناہوں کی جان لے لی۔ یہ انسانیت کے خلاف سب سے بڑا جرم ہے، جس کی کوئی معافی نہیں ہے۔


دہلی میں کانگریس کے ذریعہ نکالے گئے کینڈل مارچ میں پولیس و انتظامیہ کے ذریعہ کچھ رخنہ پیدا کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینوگوپال نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ایک ایسے مقصد کے لیے نکالے جانے والے پرامن کینڈل لائٹ مارچ میں اسٹیٹ اسپانسرڈ خلل ڈالنا جس کے لیے پورا ملک متحد ہے، سراسر شرمناک ہے۔ راہل گاندھی کانگریس دفتر سے مہاتما گاندھی اسمرتی تک مارچ نکال رہے تھے، لیکن دہلی پولیس نے اس پر اعتراض کیا اور پروگرام میں مکمل انارکی و گمراہی پھیلا دی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دہلی پولیس کا یہ طرز عمل مشکل وقت میں اتحاد اور یکجہتی کے نظریات کے تئیں بی جے پی کے  کھوکلے عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔‘‘

بہرحال، کانگریس نے بہار، آسام، تلنگانہ، گوا جیسی ریاستوں میں بھی سرکردہ پارٹی لیڈران کی قیادت میں کینڈل مارچ نکالا۔ بہار میں کانگریس کارکنان نے ریاستی صدر راجیش کمار کی قیادت میں کینڈل مارچ نکال کر پہلگام میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح تلنگانہ کانگریس نے بھی عظیم الشان کینڈل مارچ نکالا جس میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے علاوہ کئی سینئر پارٹی لیڈران کی شرکت ہوئی۔ اس کینڈل مارچ میں مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی شرکت کی۔ گوا میں ریاستی کانگریس صدر امت پاٹکر اور آسام میں ریاستی پارٹی صدر بھوپین کمار بورا و لوک سبھا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈرگور گگوئی کی قیادت میں کینڈل مارچ نکالا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔