عیدِ قرباں کے موقع پر ممبئی پولیس مستعد، امن و امان بگاڑنے والوں کی خیر نہیں!

ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید قرباں کے موقع پر سرکاری گائیڈلائن کا خاص خیال رکھیں اور خون آلود کپڑوں یا ہتھیاروں کی نمائش سے اجتناب کریں۔

<div class="paragraphs"><p>ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر</p></div>

ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر

user

محی الدین التمش

ممبئی: عید قرباں کے پیش نظر ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے نظم و نسق کے بہتر انتظامات کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے ایک مقامی نیوز پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ کسی بھی قسم کے ناخوشگواد واقع سے نپٹنے کے لئے کمربستہ ہے۔ اس کے ساتھ امن و مان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے بھی مستعد و چاک و چوبند ہے۔

پولیس کمشنر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عیدِ قرباں کے پیشِ نظر امن و امان کی صورت حال کو نقصان پہنچانے والے سماج دشمن عناصر پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ حفظ ماتقدم کے طور پر احتیاطی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی پولیس کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ قانون کے نفاذ کی حتی الامکان کوششیں کریں، اگر کوئی قانون شکنی کرتا ہے تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔


پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی پر سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے بھی گریز کریں، کیونکہ سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کی وجہ سے معاشرے میں بدامنی پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اگر کوئی سوشل میڈیا پر گمراہ کن اطلاعات فراہم کرتا ہے یا پھر قابل اعتراض مواد شئیر کرتا ہے تو اس پر بھی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے مطلع کیا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا کی خصوصی نگرانی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا ہے کہ پولیس ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے ۔ قربانی کے دوران ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو بھی گائڈ لائن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اگر کسی سوسائٹی میں بلا وجہ نظم و نسق کا مسئلہ کھڑا کرنے کی کوشش کی جائیگی تو پولیس کی جانب سے اس پر بھی قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ سوسائٹیوں میں قربانی کے لئے بھی ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن کا اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔


پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے ممنوعہ جانوروں کی قربانی کی کوشش کرنے یا اس کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کا انتباہ دیا ہے۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں گئوونش ہتھیا قانون کے تحت گائے اور اس کی نسل کی قربانی قانوناً جرم ہے۔ پولیس کمشنر نے نیوز پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ممبئی میں عید الاضحی کی نماز کے لئے بھی خصوصی پولیس بندوبست کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے حالات خراب نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ڈی سی پی ایڈیشنل کمشنر اور سنیئر پولیس انسپکٹروں کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ نے نظم و نسق کو لیکر خصوصی میٹنگ کا انقعاد کیا تھا۔ اسی نہج پر انتظامات کئے ہیں۔ پولیس کمشنر نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید قرباں میں سرکاری گائڈ لائن کا خاص خیال رکھیں، خون آلود کپڑوں میں گشت کرنے، خون آلود ہتھیاروں کی نمائش سے اجتناب کریں، اس کے ساتھ ہی صاف صفائی پر بھی توجہ دیں، کیونکہ اسلام میں پاکی نصف ایمان ہے۔ کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو اگر کوئی قربانی کے عمل میں رخنہ اندازی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا بلا وجہ مسئلہ یا تنازعہ پیدا کرتا ہے تو اس پر پولیس کارروائی کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔