حضرت نظام الدین اولیاء کے 809ویں یوم پیدائش پر عقیدت مندوں کا جم غفیر دکھائی دیا

دہلی پردیش کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی جی بھی درگاہ شریف پر عقیدت کے پھول چڑھانے آئے تھے اور میں بھی اس سے پہلے کئی بار حاضری دے چکا ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نظام الدین درگاہ میں چادر پیش کرتے ہوئے</p></div>

دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نظام الدین درگاہ میں چادر پیش کرتے ہوئے

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: حضرت نظام الدین اولیاء کے 809ویں یوم پیدائش کے پرمسرت موقع پر ہندوستان اور دیگر کئی ممالک کے زائرین نے دربار محبوب الٰہی میں اپنی حاضری درج کرائی۔ درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء کے چیف انچارج سید کاشف علی نظامی کی نگرانی میں منعقدہ عرس کے اس پرمسرت موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نومنتخب صدر اروندر سنگھ لولی نے بھی درگاہ شریف پر چادر چڑھائی اور امن و بھائی چارے کی دعا کی۔

اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر فرہاد سوری، بابر پور ضلع کانگریس کے صدر چودھری زبیر احمد، کارپوریشن کونسلر حاجی سمیر احمد، عرس کمیٹی دہلی حکومت کے چیئرمین ایف آئی اسماعیلی، دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ذاکر خان، بی ایس ایف کے سابق کمانڈنٹ آر سی چندرا، فیس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق انصاری، سروکون کے سی ایم ڈی حاجی قمرالدین صدیقی، سینئر صحافی معروف رضا، مجاہد اختر، ایم رمیش، ڈولفن فٹوان کے سی ایم ڈی سید فرحت علی، سروو سٹیپ پاور کے سی ایم ڈی محمد عالم، نہرو وہار بلاک کانگریس کے صدر علیم انصاری، دہلی پردیش کانگریس ہیومن رائٹس اینڈ لیگل سیل کے جنرل سکریٹری ہریش گولا ایڈوکیٹ، عزت مآب الیاس سیفی، آل انڈیا ایجوکیشن موومنٹ کے سکریٹری، سلیم انصاری، راج بالا سنگھ، نوشاد بیگم، شاکر انصاری کے علاوہ نیاز منصوری، نیہا شرما، ٹینا پال، مصطفی گڈو، ڈاکٹر بلال انصاری، ممتاز علی گڈو، سیف الدین شیخ، اعجاز ہاشمی جیسے معاشرے کے ذمہ دار افراد نے بھی شرکت کی۔


قابل ذکر ہے کہ عالمی شہرت یافتہ قوال صوفی ہمسر حیات اور اطہر حیات نے ایک کے بعد ایک قوالی پیش کر کے محبوب الٰہی کی بارگاہ میں اپنی حاضری درج کرائی۔ زائرین کو رات تک قوالیوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا۔ اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس ہمیشہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ کانگریس سیکولرزم کے لیے جانی جاتی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی بھی درگاہ شریف پر عقیدت کے پھول چڑھانے آئے تھے اور میں بھی اس سے پہلے کئی بار حاضری دے چکا ہوں۔‘‘

سید کاصف علی نظامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی تمام مذاہب کے ماننے والوں نے دربار محبوب الٰہی پر حاضری دی اور وطن عزیز میں باہمی اتحاد و محبت کے لیے دعائیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاکھوں لوگ درگاہ شریف پہنچے، سب کے لیے لنگر اور زیارت کا انتظام درگاہ کمیٹی نے کیا تھا۔


بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر نے اس موقع پر کہا کہ اس ملک کے اصل شہنشاہ خواجہ معین الدین چشتی، حضرت نظام الدین اولیاء اور صابر پیا جیسے پیر فقیر تھے جنہوں نے محبت کا پیغام لوگوں تک پہنچایا اور پوری دنیا میں بھائی چارہ قائم کیا جو آج بھی برقرار ہے۔ اسی کی برکت سے ملک ترقی کر رہا ہے۔

ذاکر خان نے کہا کہ نفرت کا کاروبار کرنے والوں کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں کیونکہ ملک میں محبت کو پسند کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کے خانقاہوں سے محبت کا پیغام ملک و دنیا تک پہنچتا ہے جس کی بدولت آج بھی محبت کی لاتعداد محفلیں منعقد ہوتی ہیں۔


ڈاکٹر مشتاق انصاری نے کہا کہ ایسی محفلوں سے پھوٹنے والے باہمی اتحاد و محبت کا پیغام ہر طرف پھیلتا ہے۔ جو لوگ نفرت کی دکانیں چلا رہے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہندوستان پیروں، انبیاء اور درویشوں کا ملک ہے، یہاں نفرت کا کاروبار کامیاب نہیں ہو سکتا اور یہ ملک اور اس کے لوگوں کے مفاد میں ہے کہ تمام ہندوستانی باہمی ہم آہنگی سے رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔