اوڈیشہ رتھ یاترا سانحہ: بھگدڑ سے 3 اموات پر راہل و کھڑگے کا اظہار افسوس، حکومت سے جوابدہی اور راحت میں تیزی کا مطالبہ
پوری میں رتھ یاترا کے دوران بھگدڑ سے 3 افراد اور 50 زخمی ہو گئے۔ راہل اور کھڑگے نے افسوس کا اظہار کیا، جبکہ کانگریس پارٹی نے ناقص انتظام پر اوڈیشہ حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا

پوری کی جگن ناتھ یاترا کا منظر / آئی اے این ایس
اوڈیشہ کے پوری ضلع میں واقع گُنڈیچا مندر کے قریب سالانہ جگن ناتھ رتھ یاترا کے دوران پیش آنے والے حادثے پر کانگریس پارٹی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کی صبح ساردھا بلی مقام پر بھگدڑ کے باعث 3 عقیدت مندوں کی موت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے بعد کانگریس کے سینئر رہنماؤں راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے سمیت پارٹی نے اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔
راہل گاندھی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا، ’’پوری میں رتھ یاترا کے دوران ہوئی بھگدڑ کی خبر انتہائی افسوس ناک ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری ہمدردی ہے اور زخمی عقیدت مندوں کی جلد صحتیابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے اوڈیشہ حکومت سے اپیل کی، ’’راحت کاری کے کاموں میں تیزی لائے اور کانگریس کارکنان سے گزارش ہے کہ وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں۔‘‘ راہل گاندھی نے اس سانحے کو ایک سنگین تنبیہ قرار دیتے ہوئے لکھا، ’’ایسے بڑے مذہبی اجتماعات میں سکیورٹی اور بھیڑ نظم و نسق کی تیاری کو سنجیدگی سے جانچنے اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انسانی جانوں کی حفاظت سب سے اہم ہے، اور اس ذمہ داری میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہے۔‘‘
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے بیان میں گہرے رنج کا اظہار کیا، ’’جگن ناتھ رتھ یاترا کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے حادثے سے میں سخت دُکھی ہوں، جس میں تین عقیدت مند جاں بحق اور کم از کم پچاس زخمی ہوئے۔’’
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ سانحہ ان خبروں کے بعد پیش آیا ہے جن میں بتایا گیا کہ جمعہ کو یاترا کے دوران 500 عقیدت مند زخمی ہوئے تھے۔ اس قسم کی لاپروائی اور بدنظمی ناقابل قبول ہے۔‘‘ کھڑگے نے مطالبہ کیا، ’’ریاستی حکومت اور متعلقہ حکام واقعے کی مکمل اور گہرائی سے جانچ کریں۔ طے شدہ مذہبی تقاریب کے دوران عوامی سلامتی اور بھیڑ نظم و نسق کی مکمل تیاری ہونی چاہیے۔ جو بھی اس حادثے کا ذمہ دار ہو، اسے قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا، ’’کانگریس پارٹی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑی ہے اور ہر طرح کی امدادی کوششوں، طبی سہولیات اور راحت کاری میں تعاون کرے گی۔‘‘
کانگریس کے سرکاری ایکس ہینڈل سے بھی اس واقعے پر ردعمل آیا، ’’اوڈیشہ کے پوری میں رتھ یاترا کے دوران بھگدڑ کے باعث تین عقیدت مندوں کی موت کی خبر نہایت تکلیف دہ ہے۔‘‘ مزید کہا گیا، ’’ہم دعا گو ہیں کہ خدا مرحومین کو ابدی سکون عطا کرے اور زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ اس غم کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘
حادثے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق، رتھ یاترا کے دوران صبح کے وقت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جب اچانک بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔ ضلع انتظامیہ نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور راحت کاری کے اقدامات جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔