پنجاب میں تھم گیا اسمبلی انتخاب کا شور، 1304 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند

پنجاب میں وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی کے علاوہ تین سابق وزرائے اعلیٰ اور تین اراکین پارلیمنٹ بھی انتخابی میدان میں ہیں، ان سبھی کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔

ای وی ایم کی علامتی تصویر
ای وی ایم کی علامتی تصویر
user

بپن بھاردواج

پنجاب میں سبھی 117 اسمبلی سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ کا عمل انجام پذیر ہو گیا۔ اس بار انتخاب میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ، 3 سابق وزرائے اعلیٰ اور 3 اراکین پارلیمنٹ سمیت 1304 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ انتخابی میدان میں 93 خواتین اور ٹرانسجنڈر بھی کھڑے ہیں۔ آج سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بڑی تعداد میں ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

میدان میں پنجاب کے جو سابق وزرائے اعلیٰ دکھائی دے رہے ہیں ان میں سب سے بزرگ 94 سالہ پرکاش سنگھ بادل ہیں۔ شرومنی اکالی دل کے قدآور لیڈر پرکاش سنگھ بادل پانچ مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ وہ اکالی دل کے امیدوار کے طور پر لامبی سیٹ سے میدان میں ہیں، جہاں ان کا مقابلہ کانگریس کے جگپال سنگھ کھرانہ، عآپ کے گرمیت سنگھ کھنڈیا اور بی جے پی کے راکیش ڈھینگرا سے ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخاب میں پرکاش سنگھ بادل نے یہ سیٹ 22 ہزار ووٹ سے زیادہ ووٹوں سے جیتی تھی۔


سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ بھی پٹیالہ شہر سے میدان میں ہیں۔ وہ اس بار اپنی ہی پارٹی پنجاب لوک کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا۔ ان کا مقابلہ کانگریس امیدوار اور پٹیالہ کے سابق میئر وشنو شرما، اکالی دل کے ہرپال جنیجا اور عآپ کے اجیت پال سنگھ کوہلی سے ہے۔ انھوں نے 2017 میں پٹیالہ شہر سیٹ 52 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے جیتی تھی۔ دوسرے نمبر پر عآپ امیدوار ڈاکٹر بلبیر سنگھ رہے تھے۔

پنجاب کے تیسرے سابق وزیر اعلیٰ جو انتخابی میدان میں کھڑے ہوئے ان کا نام رجندر کور بٹھل ہے جو لہرا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔ ان کے سامنے اکالی دل سنیوکت کے پرمندر سنگھ ڈھینڈسا، اکالی دل کے گووند سنگھ لونگووال اور عآپ کے برندر کمار گویل ہیں۔


پنجاب کے موجودہ وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی چمکور صاحب اور بھدور سیٹ سے میدان میں ہیں۔ چمکور میں ان کا مقابلہ اکالی دل کے ہرموہن سنگھ سندھو، بی جے پی کے دَرشن سنگھ شیوجوت اور عآپ کے ڈاکٹر چرنجیت سنگھ سے ہے۔ 2017 کے انتخاب میں چنّی نے عآپ کے چرنجیت سنگھ کو 12 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے ہرایا تھا۔

ان کے علاوہ تین اراکین پارلیمنٹ بھی میدان میں ہیں۔ ان میں عآپ رکن پارلیمنٹ بھگونت مان، سکھبیر بادل اور پرتاپ سنگھ باجوا ہیں۔ عآپ کی طرف سے وزیر اعلیٰ عہدہ کے دعویدار بھگونت مان سنگرور سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور وہ دھری اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اکالی دل کے سربراہ اور فیروزپور سے رکن پارلیمنٹ سکھبیر سنگھ بادل جلال آباد سیٹ سے میدان میں ہیں۔ باجوا 2009 سے 2014 تک گرداس پور سے کانگریس رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔


باجوا کا مقابلہ عآپ کے جگروپ سنگھ سیکھوں، اکالی دل کے گراقبال سنگھ محل اور اکالی دل سنیوکت کے ماسٹر جوہر سنگھ سے ہے۔ سکبھیر بادل کو عآپ کے جگدیپ کمبوج اور کانگریس کے موہن سنگھ اور بی جے پی کے پرون چندرا سے مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی دلویر سنگھ گولڈی عآپ کے بھگونت مان کو سخت ٹکر دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔