پنجاب انتخاب: الیکشن کمیشن نے اداکار سونو سود کو پولنگ بوتھ پر جانے سے روکا

شرومنی اکالی دل نے سونو سود پر ووٹروں کو متاثر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرائی، بعد ازاں انتخابی کمیشن نے سونو سود کو بوتھ میں جانے سے روکنے کے ساتھ ہی ان کی کار کو بھی ضبط کر لیا۔

سونو سود، تصویر یو این آئی
سونو سود، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پنجاب میں 20 فروری کو 8 بجے صبح سے 117 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ بالی ووڈ اداکار سونو سود کی بہن بھی اس بار انتخابی میدان میں اتری ہوئی ہیں۔ اپنی بہن کے حق میں انھوں نے انتخابی تشہیر بھی کی تھی۔ اتوار کی صبح سونو سود موگا کے الگ الگ پولنگ بوتھ پر پہنچ رہے تھے۔ ان کے اس طرح گھومنے پر انتخابی کمیشن نے روک لگا دی ہے۔ واضح رہے کہ سونو سود کی بہن مالویکا کو کانگریس نے امیدوار بنایا ہے اور وہ اپنی جیت کو لے کر پرامید بھی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو سود پر الزام ہے کہ وہ ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایسے میں شرومنی اکالی دل کی طرف سے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی گئی۔ بعد ازاں انتخابی کمیشن نے سونو سود کو بوتھ میں جانے سے روکنے کے ساتھ ہی ان کی کار کو بھی ضبط کر لیا۔ حالانکہ سونو سود نے اپنے اوپر عائد کیے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنی بہن مالویکا سود کو ووٹ دینے کے لیے کسی کو بھی نہیں کہہ رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ صرف ووٹنگ مراکز کے باہر لگے کانگریس بوتھوں کا دورہ کر رہے تھے۔


واضح رہے کہ پنجاب انتخاب سے ٹھیک پہلے کامیڈین کپل شرما نے سونو سود کی بہن اور موگا شہر سے کانگریس کی امیدوار مالویکا سود کی حمایت میں ویڈیو جاری کیا تھا۔ کپل شرما نے اس ویڈیو کے ذریعہ سے مالویکا سود کو نیک خواہشات پیش کی تھیں۔ علاوہ ازیں بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے بھی ایک ویڈیو جاری کر مالویکا سود کی حمایت میں ووٹرس سے اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */