’برننگ ٹرین‘ بنی شتابدی ایکسپریس میں کوئی ہلاک تو نہیں ہوا، لیکن سامان ہوئے خاک

ٹرین میں آگ لگنے کے بعد جب ایمرجنسی بریک لگایا گیا تو کچھ مسافر گھبراہٹ میں بغیر اپنا سامان لیے ہی کوچ سے باہر آ گئے۔ بعد میں ان مسافروں نے بتایا کہ آگ کی شدت میں ان کا پورا سامان خاک ہو گیا۔

تصویر اے این آئی ٹوئٹر ہینڈل
تصویر اے این آئی ٹوئٹر ہینڈل
user

تنویر

دہلی سے دہرہ دون جا رہی ’شتابدی ایکسپریس‘ کے ایک اے سی کوچ میں ایسی خطرناک آگ لگی کہ فلم ’دی برننگ ٹرین‘ کی یاد تازہ ہو گئی جس میں آگ کی زد میں آئی ٹرین تیزی کے ساتھ چلتی رہتی ہے اور کئی لوگوں کی جان چلی جاتی ہے۔ شتابدی ایکسپریس کے ساتھ اچھی بات یہ رہی کہ کوئی جان نہیں گئی، لیکن کئی مسافروں کے سامان جل کر پوری طرح سے خاک ہو گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ رائے والا جنکشن کے کچھ آگے کانسروں کے جنگل سے جب ٹرین گزر رہی تھی تو شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی جو تیزی کے ساتھ ڈبے میں پھیلنے لگی۔ آگ لگنے سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی۔ پھر ایمرجنسی بریک لگا کر لوکو پائلٹ نے ٹرین کو جنگل میں ہی روک دیا۔ کوچ میں سوار سبھی 35 مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ علاوہ ازیں ریلوے اسٹاف نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ٹرین کے درمیان والے اس کوچ کو کاٹ کر دیگر کوچ سے الگ کر دیا تاکہ آگ دوسرے ڈبوں تک نہ پہنچ سکے۔ کچھ ہی دیر میں پوری بوگی دھو-دھو کر کے جلنے لگی۔


بتایا جاتا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کے بعد جب ایمرجنسی بریک لگایا گیا تو کچھ مسافر گھبراہٹ میں بغیر اپنا سامان لیے ہی کوچ سے باہر آ گئے۔ بعد میں ان مسافروں نے بتایا کہ آگ کی شدت میں ان کا پورا سامان خاک ہو گیا۔ کانسرو میں جس مقام پر یہ حادثہ ہوا، وہاں محکمہ جنگلات کے رینج دفتر و چھوٹے سے ریلوے اسٹیشن کے علاوہ کوئی آبادی نہیں ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سب سے پہلے وَن رینج افسر راجندر پرساد نوٹیال ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مسافروں و ان کے سامان کو بہ حفاظت باہر نکالنے میں بڑی مدد کی۔ پھر کچھ دیر بعد تھانہ انچارج رائے والا امرجیت سنگھ بھی پہنچ گئے۔

خبروں کے مطابق رشی کیش اور ڈوئیوالا سے دمکل کی چھ گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئی تھیں، لیکن آگ نے تب تک پورے کوچ کو جلا کر کباڑ میں بدل دیا تھا۔ شمالی ریلوے مراد آباد ڈویژن کی ایڈیشنل ڈویژنل کامرس منیجر ریکھا شرما نے بتایا کہ شتابدی ایکسپریس کے جس سی-5 کوچ میں آگ لگی تھی، اس میں سوار سبھی 35 مسافر محفوظ ہیں اور انھیں دیگر کوچ میں منتقل کر کے دہرہ دون بھیج دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے اسباب کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */