نتیش نے 'کرسی' کے لیے سب کو دھوکہ دیا: تیجسوی یادو

سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے لوگوں سے سمستی پور سمیت متھلانچل اور کوسی کی سبھی سیٹوں پر مہا گٹھ بندھن کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سمستی پور: بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وزیراعلیٰ اور جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار پر کرسی کی چاہ میں سب کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ ریاست میں اس بار یقینی طور سے مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنے گی۔

تیجسوی یادو نے منگل کو یہاں حسن پور سیٹ پر اپنے بڑے بھائی اور آرجے ڈی لیڈر تیج پڑتاپ یادو کی نامزدگی کے موقع پر روسڑا میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نتیش حکومت گزشتہ 15 سالوں میں بے روزگاری، بھوکمری اور نقل مکانی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار بہار میں مہاگٹھ بندھن کی ہی حکومت بنے گی اور کابینہ کی پہلی میٹنگ میں 10 لاکھ نوکری کی تجویز کو منظور دی جائے گی۔


آرجے ڈی لیڈر نے کہا کہ بہار میں جب سے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت بنی ہے تب سے بدعنوانی اور جرائم اپنے شباب پر ہیں نتیش حکومت کی مدت کار میں بہار میں 60-60 گھوٹالے ہوئے وہیں ریاست میں بے روزگاری کی شرح 46.6 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا کہ کرسی کی محبت میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے سبھی کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے سمستی پور سمیت متھلانچل اور کوسی کی سبھی سیٹوں پر مہا گٹھ بندھن کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر آر جے ڈی کے پرنسپل جنرل سکریٹری آلوک کمار مہتا اور آرجے ڈی رکن اسمبلی بھولا یادو بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔