ٹی آر پی گھوٹالہ میں بڑی پیش رفت، پانچواں ملزم اتر پردیش سے گرفتار

ممبئی پولس کی کرائم برانچ ٹیم نے ٹی آر پی گھوٹالہ کی جانچ کرتے ہوئے ہنسا ریسرچ گروپ کے ایک سابق ملازم ونے ترپاٹھی کو اتر پردیش واقع مرزا پور سے گرفتار کیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ٹی آر پی گھوٹالہ معاملے میں ممبئی کی کرائم برانچ ٹیم سرگرمی کے ساتھ تفتیش کر رہی ہے اور اس گھوٹالہ کے تار اتر پردیش سے جڑتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ ریپبلک ٹی وی اور کچھ دیگر چینلز کے خلاف ہو رہی جانچ کے درمیان جب ممبئی کرائم برانچ پولس نے گرفتار ملزمین سے پوچھ تاچھ کی تو کئی باتیں ابھر کر سامنے آئیں۔ پوچھ تاچھ کے بعد ہنسا ریسرچ گروپ کے ایک سابق ملازم ونے ترپاٹھی کو اتر پردیش کے مرزا پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری پیر کی شام عمل میں آئی۔ ترپاٹھی ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں گرفتار ہونے والا پانچواں شخص ہے۔ اسے مرزا پور میں مقامی عدالت میں منگل کو پیش کیے جانے کے بعد ٹرانزٹ ریمانڈ پر ممبئی لے جایا جائے گا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ترپاٹھی ہنسا میں کام کرتا تھا اور دو سال قبل اس نے ملازمت چھوڑ دی تھی۔ وہ اس معاملے میں گرفتار وشال بھنڈاری کے رابطے میں تھا اور بھنڈاری کو ان گھروں میں رہنے والے لوگوں کو پیسے تقسیم کرنے کے لیے دیتا تھا جہاں بیرو میٹر لگائے گئے تھے۔


اسسٹنٹ پولس انسپکٹر سچن نے کہا کہ وہ ٹی آر پی دھوکہ دہی کا حصہ ہے اور کچھ چینلوں کے مالکوں یا ان کے ملازمین کے رابطے میں تھا۔ اس سے پہلے ممبئی پولس کی کرائم برانچ نے چار ملزمین کو گرفتار کیا تھا جس میں ہنسا کے سابق ملازم 20 سالہ وشال بھنڈاری بھی شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔