نئے الیکشن کمشنر راجیو کمار نے عہدہ سنبھالا

راجیو کمار کی تقرری کی اطلاع وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر کے دی گئی تھی اور صدر رام ناتھ کووند نے ان کے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ طے کر کے ان کی تقرری کو منظوری فراہم کی تھی۔

تصویر بشکریہ پی آئی بی
تصویر بشکریہ پی آئی بی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نئے الیکشن کمشنر راجیوکمار نے منگل کے روز عہدہ سنبھال لیا۔ وزارت خزانہ کے سابق سکریٹری کمار کو اشوک لواسہ کی جگہ نیا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا اور الیکشن کمشنر سشیل چندرا کے ہمراہ کام کریں گے۔ راجیو کمار سابق سکریٹری مالیات ہیں۔ ان کو گزشتہ مہینے نیا الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔

راجیو کمار کی تقرری کی اطلاع وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر کے دی گئی تھی۔ صدر رام ناتھ کووند نے ان کے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ طے کر کے ان کی تقرری کو منظوری فراہم کی تھی۔ راجیو کمار 1984 بیچ کے جھارکھنڈ کیڈر کے آئی اے ایس افسر ہیں۔


غور طلب ہے کہ لواسہ نے گزشتہ دنوں استعفیٰ دیا تھا اور وہ منیلا میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر مقرر کیے گئے تھے۔ راجیو کمار 1984 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں اور جھارکھنڈ کے علاوہ مرکز کی مختلف وزارتوں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ کمار پبلک انٹرپرائیزز سلیکشن بورڈ کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔ وہ وزارت خزانہ کے سکریٹری کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد الیکشن کمشنر مقرر کیے گئے ہیں۔

راجیو کمار 19فروری 1960 میں پیدا ہوئے۔ وہ وزارت خزانہ کے علاوہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت، وزارت جنگلات اور بینکنگ سیکٹر میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ اس طرح انہوں نے 36 برس تک اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ موسیقی میں بھی خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔