بہار میں این ڈی اے تبھی تک ہے، جب تک نتیش بہار کے وزیر اعلیٰ ہیں: اوپیندر کشواہا

بہار میں برسراقتدار این ڈی اے میں شامل جنتا دل یو کے پارلیمانی بورڈ چیف اوپیندر کشواہا نے پیر کے روز اعتراف کیا کہ آپسی بیان بازی سے نقصان تو ہوتا ہی ہے۔

اوپیندر کشواہا، تصویر آئی اے این ایس
اوپیندر کشواہا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں برسراقتدار این ڈی اے میں شامل جنتا دل یو کے پارلیمانی بورڈ کے چیف اوپیندر کشواہا نے پیر کو اعتراف کیا کہ آپسی بیان بازی سے نقصان تو ہوتا ہی ہے، اس سے انکار نہیں کر سکتے۔ انھوں نے اس کی سب سے بڑی وجہ ’کمیونکیشن گیپ‘ کو بتایا۔

جنتا دل یو لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے پٹنہ میں ایک پروگرام میں حصہ لینے کے بعد صحافیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’این ڈی اے کی پہلی شرط نتیش کمار کی قیادت ہے۔ وہی این ڈی اے کے بہار میں لیڈر رہیں گے۔‘‘ انھوں نے صاف لہجے میں کہا کہ نتیش کمار وزیر اعلیٰ ہیں اور رہیں گے، اس میں کوئی اِف اور بَٹ نہیں ہے۔


قانون ساز کونسل میں 24 سیٹوں پر ہوئے انتخاب میں جنتا دل یو کی کمزور کارکردگی پر اوپیندر کشواہا نے کہا کہ یہ امید کے مطابق نہیں ہے جسے ماننا چاہیے۔ لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ یہ نتیجہ اتنا برا بھی نہیں ہے۔ کشواہا نے کہا کہ یہ انتخاب باقی انتخابات سے مختلف قسم کا ہوتا ہے۔ یہاں ووٹروں کو لبھانے کے لیے عوامی حمایت تو اپنی جگہ ہے، لیکن دولت اس میں زیادہ کام کر جاتی ہے۔ کچھ مقامات پر ایسا ہوا بھی ہے۔ انھوں نے حالانکہ یہ بھی کہا کہ برآمد نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس درمیان کشواہا نے بوچھا ضمنی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار بے بی کماری کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں این ڈی اے بہتر حالت میں ہے۔ انھوں نے آر جے ڈی کی جیت کے دعوے پر کہا کہ اپوزیشن نے پہلے بھی ایسا ہی دعویٰ کیا ہے اور اسے شکست ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */