’ای ڈی-سی بی آئی کے دَم پر این ڈی اے عوامی نمائندوں کو ڈرا رہی‘، ووٹر ادھیکار یاترا سے تیجسوی اور ہیمنت سورین کا خطاب
تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’بے روزگاری ہٹانا ہے تو اس حکومت کو اکھاڑ پھینکنا ہے۔ ہمارے خلاف ایف آئی آر درج کرا کر یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے، جب لالو نہیں ڈرے تو ان کا بیٹا کیسے ڈر سکتا ہے۔‘‘

بہار میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے اختتامی ریلی میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی کے خلاف جم کر حملہ بولا ہے۔ بہار کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’بہار سے ہی جمہوریت کی شروعات ہوئی تھی۔ بی جے پی کے لوگ الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر جمہوریت اورآئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی فیکٹری گجرات میں لگائیں گے اور وِکٹری (جیت) بہار میں چاہتے ہیں۔ یہ ایسا کر کے بہار کو ٹھگنا چاہتے ہیں، لیکن یہ ممکن نہیں ہے۔ بہار کے لوگ ایسے ٹھگ لوگوں کو سبق سکھا کر رہیں گے۔‘‘
تیجسوی یادو نے بہار کی ڈبل انجن حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ایک انجن جرائم میں جبکہ دوسرا انجن بدعنوانی میں مصروف ہے۔ یہ بے ایمانوں کی حکومت ہے جسے ہمیں آئندہ انتخاب میں اکھاڑ پھینکنا ہے۔‘‘ ریاست کے وزیر اعلیٰ کو نشانے پر لیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’نتیش کمار بدعنوانی کے ’بھیشم پتامہ‘ بن گئے ہیں۔ ہم نے کہا پنشن میں اضافہ کریں گے، ہم نے کہا مفت میں بجلی فراہم کریں گے، ہم نے کہا یوتھ کمیشن بنائیں گے... یعنی جو بھی ہم کہہ رہے ہیں وہ سب یہ کر رہے ہیں۔ یہ نقل کرنے والی سرکار ہے، تیجسوی آگے آگے اور یہ نتیش پیچھے پیچھے۔ یہ ڈپلیکیٹ حکومت ہے، بہار کے عوام کو اوریجنل سی ایم چاہیے۔‘‘
تیجسوی یادو نے اپنی تقریر کے دوران جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بے روزگاری ہٹانا ہے تو اس حکومت کو اکھاڑ پھینکنا ہے۔ ہمارے خلاف ایف آئی آر درج کرا کر یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے، جب لالو نہیں ڈرے تو ان کا بیٹا کیسے ڈر سکتا ہے۔ لالو کے خلاف انہوں نے ای ڈی اور سی بی آئی لگا دی۔‘‘ اس دوران انھوں نے پی ایم مودی پر بھی براہ راست حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مودی جی جھوٹ بولنے کی فیکٹری ہیں، ڈسٹریبیوٹر ہیں۔ یہ بہار مودی سے ڈرنے والا نہیں ہے۔‘‘
ووٹر ادھیکار یاترا کی ریلی میں شامل جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بھی عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج موجودہ این ڈی اے حکومت ای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی کے دَم پر عوامی نمائندوں کو ڈرا رہی ہے اور ووٹ چوری کر رہی ہے۔‘‘ ہیمنت سورین کے مطابق یہ چوری آج سے نہیں چل رہی ہے، بلکہ کئی سالوں سے چلی آ رہی تھی، لیکن اب ان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ ملک کے ہر طبقے کے لوگوں کو ان ووٹ چوروں کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہے، تاکہ آپ کے ووٹ کا حق نہ چھین سکے۔
ہیمنت سورین نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہم نہیں جاگے تو کبھی نہیں جاگ پائیں گے۔ خواہ نوٹ بندی کی بات ہو، آفت کی بات ہو یا کسی اور مسئلہ کی بات ہو، ہر سطح پر ہمارے ملک کے کسانوں، قبائلیوں اور دلتوں کا استحصال ہو رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آج پھوٹ ڈالو، سیاست کرو چل رہا ہے۔ پیسے کی طاقت کے دم پر عوامی نمائندوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ یہ انتخاب کوئی عام انتخاب نہیں ہے بلکہ بہار اور پورے ملک کو بچانے کا عزم ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔