نائب صدر انتخاب میں این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ فتحیاب

ترنمول کانگریس نے اس انتخاب سے خود کو الگ رکھنے کا اعلان کیا تھا، اس کے باوجود ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ششر کمار ادھیکاری اور دبیندو ادھیکاری نے ووٹ ڈالے۔

جگدیپ دھنکھر، تصویر آئی اے این ایس
جگدیپ دھنکھر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے آئندہ نائب صدر عہدہ کے لیے ہوئے انتخاب کے نتائج برآمد ہو چکےہیں۔ این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ نے مشترکہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو بڑی آسانی سے شکست دے دی ہے۔ دونوں ایوانوں میں این ڈی اے کی مضبوط حالت کو دیکھتے ہوئے جگدیپ دھنکھڑ کی کامیابی یقینی معلوم پڑ رہی تھی، پھر بھی اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا نے ٹکر دینے کی بھرپور کوشش کی۔

الیکشن کمیشن کے افسران نے برآمد نتائج کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جگدیپ دھنکھڑ کو 528 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو 182 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ 15 ووٹوں کو رد کیے جانے کی اطلاع بھی دی گئی ہے۔ نائب صدر انتخاب کے لیے ہفتہ کے روز ہوئی ووٹنگ میں مجموعی طور پر 725 اراکین پارلیمنٹ نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور ووٹنگ کا فیصد تقریباً 93 بتایا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو ملا کر اراکین پارلیمنٹ کی تعداد 780 ہے، یعنی 50 سے زائد اراکین پارلیمنٹ نے ووٹ نہیں ڈالے۔


دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ترنمول کانگریس نے اس انتخاب سے خود کو الگ رکھنے کا اعلان کیا تھا، اس کے باوجود ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ششر کمار ادھیکاری اور دبیندو ادھیکاری نے ووٹ ڈالے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ سنی دیول نے ووٹ نہیں ڈالے کیونکہ اس وقت غالباً وہ کسی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */