’کیا قومی پرچم تحفتاً پیش کرنا جرم ہے؟‘ مدھیہ پردیش کانگریس دفتر پر پولیس کا پہرہ

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’جب پورا ملک آزادی کی پلاٹینم جوبلی منا رہا ہے، تب مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ حکومت کانگریس کے کارکنان کو ترنگا بطور تحفہ پیش کرنے سے روک رہی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ہیڈکوارٹر میں بغیر کسی اطلاع پولیس کے داخل ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس میڈیا نائب سربراہ سنگیتا شرما آج آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کو قومی پرچم ترنگا تحفتاً پیش کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ لیکن اس سے پہلے کہ وہ قدم آگے بڑھاتیں، سنگیتا شرما کے کمرے میں پولیس پہنچ گئی۔ موصولہ اطلاعات کےمطابق میڈیا سربراہ کے کے مشرا کے کمرےمیں بھی پولیس تعینات ہے اور پردیش کانگریس کمیٹی دفتر کے باہر بھی پولیس کا پہرہ ہے۔

اس سلسلے میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے سوشل میڈیا پر جانکاری دی ہے اور ساتھ ہی سوال اٹھایا ہے کہ کیا بی جے پی حکومت میں قومی پرچم بطور تحفہ پیش کرنا بھی جرم ہو گیا ہے؟ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’جب پورا ملک آزادی کی پلاٹینم جوبلی منا رہا ہے، تب مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت کانگریس کے کارکنان کو ترنگا بطور تحفہ پیش کرنے سے روک رہی ہے۔ سنگیتا شرما اور دیگر کانگریس کارکنان آج آر ایس ایس چیف کو ترنگا تحفتاً پیش کرنے والے تھے تاکہ ان کے اندر بھی نیشنلزم کا جذبہ پیدا ہو سکے۔‘‘


ایک دیگر ٹوئٹ میں کانگریس کے سرکردہ لیڈر کمل ناتھ نے لکھا ہے ’’لیکن اس قدم کا استقبال کرنے کی جگہ صبح سے ہی مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر کو پولیس نے گھیر لیا۔ پولیس نےکانگریس کارکنان کا راستہ روک لیا اور ترنگا بطور تحفہ پیش نہیں کرنے دیا۔‘‘ آخر میں وہ یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ ’’میں وزیر اعلیٰ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آزاد ہندوستان میں کیا بی جے پی حکومت میں قومی پرچم تحفتاً پیش کرنا جرم ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔