آرین کو پھنسانے والی این سی بی نے 3 افراد کو بی جے پی سے تعلقات کی بنا پر رہا کر دیا: نواب ملک

این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے ایک روز قبل بھی آرین خان کا یہ کہہ کر دفاع کیا تھا کہ دراصل آرین خان کو گرفتار کر کے شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

آرین خان
آرین خان
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: کروز پر ڈرگس پارٹی میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کا این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) نے دفاع کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان اور ریاستی وزیر نواب ملک نے ایک پریس کانفرنس کر کے این سی بی (نارکوٹکس کنٹرول بیورو) اور بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) پر حملہ بولا۔

این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے ایک روز قبل بھی آرین خان کا یہ کہہ کر دفاع کیا گیا تھا کہ دراصل آرین خان کو گرفتار کر کے شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے کرائم رپورٹرز کو ایسی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ شاہ رخ کو کچھ لوگ نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرین خان کو فرضی معاملہ میں پھنسایا جا رہا ہے۔


نواب ملک نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ این سی بی نے کہا ہے کہ کروز پارٹی سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس دن پارٹی سے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، 3 افراد کو بی جے پی سے تعلقات ہونے کے سبب رہا کر دیا گیا تھا۔

نواب ملک نے کہا کہ جن تین افراد کو این سی بی نے رہا کر دیا ان کے نام رشبھ سچ دیوا، پرتیک گابا اور عامر فرنیچروالا ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آرین خان کے پاس سے این سی بی کو کچھ بھی برآمد نہیں ہوا تھا۔ نیز آرین کو پھنسانے کے لئے پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا کروز پر لے کر گئے تھے اور بعد میں ان دونوں کو رہا بھی کر دیا گیا۔


نواب ملک نے کہا کہ جس شپ پر 1300 افراد سوار تھے اس میں سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا، ہمارے پاس اطلاع ہے کہ بی جے پی کے مقامی اور دہلی میں بیٹھے لیڈران نے رشبھ سچ دیوا، پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا کی رہائی کے لئے فون کال کی تھیں۔ این سی بی آفیسر سمیر وانکھیڑے کو اس کا جواب دینا ہوگا کہ آخر انہیں کیوں چھوڑ دیا گیا؟ یہ بھی بتانا ہوگا کہ رہا کرنے سے پہلے ان سے کیا پوچھ گچھ کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔