نوین پٹنایک اڈیشہ کی عوام کو جذباتی طور پر بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے: کانگریس

شرت پٹنایک نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لوک سبھا اور اڈیشہ اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے وزیر اعلیٰ نے ایک کھلا خط جاری کر ریاستی عوام سے انھیں اگلے 10 سالوں کے لیے چننے کی گزارش کی ہے۔

نوین پٹنایک، تصویر آئی اے این ایس
نوین پٹنایک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اڈیشہ ریاستی کانگریس کے صدر شرت پٹنایک نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے چیف نوین پٹنایک نے عوام کے نام ایک کھلا خط لکھ کر اڈیشہ کے لوگوں کو جذباتی طور پر ’بلیک میل‘ کرنے کی کوشش کی ہے۔ شرت پٹنایک نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں یہ الزام لگایا اور کہا کہ لوک سبھا و اڈیشہ اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے وزیر اعلیٰ نے ایک کھلا خط جاری کر ریاستی عوام سے انھیں آئندہ 10 سالوں کے لیے چننے کی گزارش کی ہے۔

شرت پٹنایک کا کہنا ہے کہ ’’بی جے ڈی حکومت اپنے 24 سالوں میں کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں ناکام رہی ہے۔ ریاست کے کسانوں کی اامدنی پانچ ہزار روپے ماہانہ سے بھی کم ہے۔ باہری لوگوں نے اہم ٹنڈر ہتھیا لیے اور اڈیشہ سے کروڑوں روپے لوٹ لیے۔ لیکن وزیر اعلیٰ لوگوں سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا آپ خوش ہیں؟‘‘


کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے ڈی حکومت کئی کروڑ روپے کی کانکنی اور چٹ فنڈ گھوٹالہ سمیت بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ شرت پٹنایک نے کہا کہ ’’ریاستی کو کسی طرح کا خوف نہیں ہے کیونکہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت ہے جو اسے بچا رہی ہے۔ اڈیشہ میں ایسے معاملوں کی جانچ کوئی سی بی آئی یا ای ڈی نہیں کر رہی ہے۔‘‘

الیکٹورل بانڈ کے ایشو پر بی جے ڈی کو گھیرتے ہوئے شرت پٹنایک نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈاٹا شائع کیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے ڈی کو الیکٹورل بانڈ کے ذریعہ 900 کروڑ روپے سے زیادہ کا چندہ ملا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔