نیشنل ہیرالڈ کیس: کانگریس نے مختلف ریاستوں میں مودی-شاہ کے خلاف کیا احتجاجی مظاہرہ، استعفیٰ کا مطالبہ

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مختلف ریاستوں میں مودی-شاہ کے خلاف ہوئی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کی تصویریں و ویڈیوز پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سخت بیانات بھی جاری کیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’نیشنل ہیرالڈ کیس میں عدالت کا فیصلہ نریندر مودی اور امت شاہ کے منھ پر طمانچہ ہے۔ نیشنل ہیرالڈ کیس میں فیصلہ آنے کے بعد اب نریندر مودی اور امت شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔‘‘ یہ بیان آج صبح کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایک پریس کانفرنس میں دیا، اور اسی لائن پر آج دن بھر کانگریس کے سرکردہ لیڈران و کارکنان نے مختلف ریاستوں میں مودی-شاہ کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کی سبھی ریاستی یونٹ کا یہی کہنا ہے کہ مودی-شاہ نے نیشنل ہیرالڈ کیس کے ذریعہ کانگریس پارٹی کو ڈرانے کی ناکام کوشش کی، اور اب عدالتی فیصلہ کے بعد ان دونوں کو ہی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مختلف ریاستوں میں مودی-شاہ کے خلاف ہوئی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کی تصویریں و ویڈیوز پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سخت بیانات بھی جاری کیے ہیں۔ دہلی، گجرات، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، بہار، کرناٹک اور جھارکھنڈ جیسی ریاستوں میں سڑکوں پر مودی حکومت اور ای ڈی کے خلاف نعرے بلند ہوتے بھی نظر آئے۔ آئیے ذیل میں دیکھتے ہیں کہ کن اہم ریاستوں کی کانگریس یونٹس نے مودی-شاہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کن الفاظ میں اپنی ناراضگی ظاہر کی۔


دہلی:

نریندر مودی-امت شاہ نے کانگریس کی آواز دبانے کے لیے نیشنل ہیرالڈ کا فرضی کیس کھڑا کیا۔ مودی حکومت ای ڈی جیسے اداروں کا غلط استعمال کر اپوزیشن کو ڈرانے کی ناکام کوشش کرتی آئی ہے۔ آج دہلی کانگریس کے کارکنان نے دہلی کانگریس انچارج قاضی نظام الدین اور دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں بی جے پی کی اس سازش کے خلاف پرزور مظاہرہ کیا۔ نیشنل ہیرالڈ کیس میں فیصلہ آنے کے بعد اب مودی اور شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

گجرات:

نیشنل ہیرالڈ کیس پوری طرح سے فرضی ہے۔ مودی-شاہ نے سیاسی انتقام میں یہ فرضی کیس کھڑا کیا ہے۔ آج اس کے خلاف گجرات کانگریس کے کارکنان نے ریاستی صدر امت چاؤڈا کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مودی-شاہ کو ایسی حرکتوں سے باز آنا چاہیے اور ای ڈی کا غلط استعمال بند کرنا چاہیے۔


چھتیس گڑھ:

نیشنل ہیرالڈ کیس فرضی ہے۔ مودی-شاہ کے ذریعہ کانگریس پارٹی کو ڈرانے کی سازش ہے، لیکن ہم سچ کی آواز کے لیے لڑتے رہیں گے۔ تاناشاہ ای ڈی جیسی سرکاری جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کر ہمیں جھکا نہیں سکتا۔ اسی پیغام کے ساتھ آج کانگریس جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور کانگریس کمیٹی صدر دیپک بیج کی قیادت میں سینئر لیڈران و کارکنان نے احتجاج درج کرایا۔

راجستھان:

نیشنل ہیرالڈ کا فرضی کیس بنا کر مودی-شاہ کانگریس کو ڈرانا چاہتے ہیں، ہماری آواز دبانا چاہتے ہیں۔ آج مودی حکومت کی اس سیاسی سازش کے خلاف راجستھان کانگریس کے کارکنان نے ریاستی صدر گووند ڈوٹاسرا اور راجستھان اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد ٹیکا رام جولی کی قیادت میں پرزور مظاہرہ کیا۔ ہمارا صاف پیغام ہے، مودی اور شاہ ایسی حرکتوں سے باز آئیں اور ای ڈی جیسے سرکاری اداروں کا غلط استعمال بند کریں۔


مدھیہ پردیش:

نیشنل ہیرالڈ کیس پوری طرح سے فرضی ہے، جسے مودی-شاہ نے بدلے کی سیاست کے لیے کھڑا کیا ہے۔ آج اس کے خلاف مدھیہ پردیش کانگریس کے کارکنان نے ریاستی صدر جیتو پٹواری کی قیادت میں پرزور مظاہرہ کیا۔ مودی-شاہ کو ایسی حرکتوں سے باز آنا چاہیے اور اپوزیشن کے خلاف ای ڈی جیسے سرکاری اداروں کا غلط استعمال بند کرنا چاہیے۔

بہار:

نیشنل ہیرالڈ کا معاملہ پوری طرح سے جھوٹا ہے۔ سیاسی رنجش سے بھرا ہوا ہے۔ مودی حکومت اس کیس میں جانچ ایجنسی کا استعمال کر کانگریس پارٹی کو دھمکا رہی ہے، لیکن ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔ اس ضمن میں آج بہار کانگریس صدر راجیش کمار کی قیادت میں کانگریس کے ساتھیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ہم تاناشاہ حکومت کو سچ کی آواز سے سخت جواب دیتے رہیں گے۔


جھارکھنڈ:

نیشنل ہیرالڈ کیس پوری طرح سے فرضی اور بدلے کے جذبہ سے متاثر ہے۔ بی جے پی حکومت کانگریس پارٹی کو ای ڈی کا غلط استعمال کر ڈرانا دھمکانا چاہتی ہے، لیکن وہ جان لیں... ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ رانچی میں نریندر مودی اور ان کی تاناشاہی کے خلاف میں کانگریس کے کارکنان نے زوردار مظاہرہ کیا۔ اس دوران سابق جھارکھنڈ کانگریس صدر راجیش ٹھاکر بھی موجود رہے۔

دہلی (مہیلا کانگریس):

نیشنل ہیرالڈ کا فرضی کیس نریندر مودی-امت شاہ کی نفرت سے بھری سیاست کا ثبوت ہے۔ آج مودی حکومت کی اس سازش کا مہیلا کانگریس صدر الکا لامبا کی قیادت میں مہیلا کانگریس کارکنان نے پرزور احتجاج کیا۔ یہ تاناشاہ حکومت ای ڈی کا استعمال کر اپوزیشن کی آواز کو روندنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ لیکن ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ نیشنل ہیرالڈ کیس میں فیصلہ آنے کے بعد اب مودی اور شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔