نالندہ تشدد معاملہ: پولیس نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ملزمین کے گھر کی قرقی ضبطی کی، ایک ملزم کی خود سپردگی

فرار ملزمین کے گھر پر قرقی ضبطی کے لیے کثیر تعداد میں پولیس فورس پہنچی ہوئی ہے، اس کارروائی سے شرپسندوں میں ہلچل مچ گئی ہے، کندن نامی ملزم نے خود سپردگی بھی کر دی ہے جس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

بہار پولیس / آئی اے این ایس
بہار پولیس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے نالندہ میں رام نومی جلوس کے دوران پیش آئے تشدد واقعہ پر اب پولیس سخت رخ اختیار کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ پرتشدد تصادم معاملہ میں شامل ملزمین واقعہ کے بعد سے ہی فرار ہو گئے تھے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس نے ہفتہ کے روز ملزمین کے گھر پر قرقی ضبطی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ کارروائی لہیری تھانہ کے تحت گگن دیوان محلہ میں پپو میاں، منا میاں، دیپ نگر تھانہ کے کندن کمار، متھریا محلہ باشندہ کرشنا کمار سمیت 8 فرار لوگوں کے گھر پر کی جا رہی ہے۔ اس کارروائی کے درمیان کندن کمار نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی ہے۔ پولیس فی الحال کندن سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کندن کمار نے ہی رام نومی جلوس کی قیادت کی تھی۔ ان کے گھر پر بھی قرقی ضبطی کی کارروائی پولیس نے شروع کی تھی حالانکہ انھوں نے خود سپردگی کرنے کا فیصلہ کیا۔ فرار ملزمین کے گھر پر قرقی ضبطی کے لیے کثیر تعداد میں پولیس فورس پہنچی ہوئی ہے۔ اس کارروائی سے شر پسندوں میں ہلچل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پولیس لگاتار ملزمین کی گرفتاری کے لیے الگ الگ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے، لیکن اب بھی وہ گرفت سے باہر ہیں۔


واضح رہے کہ رام نومی جلوس تشدد کے بعد نالندہ کے ایس پی نے ایس آئی ٹی تشکیل دے کر جانچ کی کارروائی شروع کر دی تھی۔ ایس آئی ٹی کی قیادت ہیڈکوارٹر ڈی ایس پی ممتا پرساد کر رہی تھیں۔ تشدد واقعہ کے بارے میں ایس پی اشوک مشرا نے پہلے بتایا تھا کہ ملزم بہار چھوڑ کر دوسری ریاست بھاگ گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے لگاتار چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔ ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر عدالتی حکم کے بعد قرقی ضبطی کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔