ایم وی اے کا شندے حکومت پر حملہ، ’حکمراں محاذ کے تینوں اتحادیوں میں غنڈوں اور مافیاؤں کی بھرتی کا مقابلہ!‘

حزبِ اختلاف لیڈر وجے ویڈیٹی وار اور شیو سینا ترجمان سنجے راؤت نے کہا ہے کہ حکمراں محاذ کے تینوں اتحادیوں میں غنڈوں اور مافیاؤں کی بھرتی کا مقابلہ چل رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل م میڈیا</p></div>

سوشل م میڈیا

user

قومی آوازبیورو

 ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی میں کانگریس کے حزبِ اختلاف لیڈر وجے وڈیٹی وار اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے حکمراں مہایوتی پر اپنے اتحاد میں غنڈوں اور ولن کو بھرتی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات سے ٹھیک پہلے مہایوتی میں غنڈوں اور ولن کی بھرتی کرنے کے لیے برسر اقتدار تینوں پارٹیوں کے درمیان سخت مقابلہ چل رہا ہے اور اس کے ذریعے اپنے اپنے گروپ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وجے ویڈیٹی وار نے شیوسینا (شندے)، بی جے پی و این سی پی (اجیت پوار) کی مثلث کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عین انتخابات سے قبل غنڈوں کی بھرتی سے یہ تینوں اپنے اپنے گروپ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ان کے درمیان سخت مقابلہ چل رہا ہے۔ جبکہ شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کے ایم پی سنجے راؤت  نے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں گینگسٹروں کی حکومت چل رہی ہے، حکمراں پارٹی کے ایم ایل اے پولیس اسٹیشن کے اندر فائرنگ کرتے ہیں۔ کیا گینگسٹر اس قدر طاقتور ہو گئے ہیں؟ آخر اس صورت حال کا ذمہ دار کون ہے؟‘‘


حزبِ اختلاف لیڈر وجے ویڈیٹی وار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے ڈاکٹر شری کانت شندے نے پونے میں مارے  گئے بدنام زمانہ گینگسٹر شرد موہول کے ساتھی و بدنام زمانہ گینگسٹر ہیمنت دابھیکر کے ساتھ میٹنگ کی۔ ڈاکٹر شندے کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے کے لیے دابھیکر کو مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ میں جانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ پونے کے ایک دیگر بدمعاش نیلیش گھئیوال نے ’ورشا‘ میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اس کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس سے حکمران اتحاد کو شرمندگی اٹھانی پڑ رہی ہے۔‘‘

ویڈیٹی وار نے کہا کہ ’’اس ضمن میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے نے اس وقت ہلچل مچا دی جب اس نے پونے میں دانستہ یا نادانستہ طور پر بدنام زمانہ ہسٹری شیٹر گجانن مارنے کو بلایا، جس سے این سی پی (اے پی) کو تضحیک کا سامنا کرنا پڑا۔ بیٹے کی اس حرکت پر اجیت پوار نے سرزنش کی۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’غنڈوں کی دلجوئی کرنے والے حکمرانوں سے عوام امن و امان کی امید کیسے رکھ سکتی ہے؟‘‘


وہیں، ایم وی اے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شیو سینا (شندے) کے وزیر دیپک کیسرکر نے کہا کہ ’’بہت سے لوگ روزانہ وزیر اعلیٰ سے ملتے ہیں۔ ان کے ساتھ تصویریں کھنچواتے ہیں، ہم انہیں وزیر اعلیٰ سے ملنے یا ان کے ساتھ تصویریں کھنچوانے سے نہیں روک سکتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔